”ؑدورانِ محاصرہ واگر گنڈ نیوا پلوامہ کا گاﺅں اُبل پڑا “

مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے فورسز نے کی ہوائی فائرنگ

تھمونہ پلوامہ ، ڈانگر پورہ سوپور اور پٹھان محلہ کلوسہ بانڈی پورہ میں بھی جنگجو مخالف آپریشن

سرینگر: واگر گنڈ نیوا پلوامہ میں جنگجو مخالف آپریشن کے دوران تشدد بھڑک اُٹھا ، مشتعل ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے سیکورٹی فورسز نے ٹیر گیس شلنگ کے ساتھ ساتھ ہوائی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ان علاقوں میں افرا تفری کا ماحول پھیل گیا ۔تھمونہ پلوامہ ، ڈانگر پورہ سوپور اور پٹھان محلہ کلوسہ بانڈی پورہ میں بھی جنگجو مخالف آپریشن کا آغاز ۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے جونہی پلوامہ کے واگر گنڈ نیوا گاﺅں کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی کارروائی شروع کی اس دوران لوگ گھروں سے باہر آئے اور اسلام و آزادی کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرئے کئے۔ ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نعرے بازی کر رہے نوجوانوں کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا جس پر احتجاج کرنے والے مشتعل ہوئے اور سنگ کا استعمال کیا۔ نمائندے کے مطابق تشدد پر اُتر آئی بھیڑ کو منتشر کرنے کیلئے فورسز نے ٹیر گیس شلنگ کے ساتھ ساتھ ساونڈ شیلوں کا استعمال کیا جس کی وجہ سے ان علاقوں میں سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا اور لوگ محفوظ مقامات کی طرف بھاگنے لگے۔ ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان کافی دیر تک تصادم آرائیوں کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے لوگ گھروںمیں سہم کررہ گئے۔ معلوم ہوا ہے کہ مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے فورسز نے کئی منٹوں تک ہوائی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں گاﺅں میں خو ف و دہشت کا ماحول پھیل گیا۔سہ پہر چار بجے کے بعد سیکورٹی فورسز نے پلوامہ کے ایک اور گاﺅں تھمونہ کو محاصرے میں لے کر لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی ۔ معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں کو سیل کرکے فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دئے۔ دفاعی ذرائع نے نیوا پلوامہ میں جنگجو مخالف آپریشن شروع کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد نیوا پلوامہ گاﺅں میں تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ دفاعی ذرائع کے مطابق آس پاس علاقوں کو پوری طرح سے سیل کیا گیا اور کسی کو بھی گھروں سے باہر آنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ اس دوران ڈانگر پورہ سوپور گاﺅں کو بھی سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ گاﺅں کو فورسز نے سیل کرکے فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دئے۔ ادھر سیکورٹی فورسز نے بانڈی پورہ کے پٹھان محلہ کلوسہ گاﺅں کو پوری طرح سے سیل کرکے گھر تلاشی کارروائی شروع کی۔ معلوم ہوا ہے کہ 27آر آر ، ایس او جی اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم نے پٹھان محلہ کلوسہ بانڈی پورہ گاﺅں کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ۔ ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے فرار ہونے کے راستے سیل کرکے لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی ۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک تلاشی آپریشن جاری تھا۔

Comments are closed.