14 دنوں تک قرطینہ میں رکھے گیے 78افراد پر مشتمل پہلا گروپ صحت مند ؛سبھی افراد کو بھیجا جارہاہے اپنےاپنے گھر

سرینگر(کے پی ایس) : سری نگر کے ایک نجی ہو ٹل میں 14روز تک قرنطینہ میں رہنے کے بعد 78افراد پر مشتمل ایک گروپ کو آج واپس ان کے گھروں کو بھیج دیا گیا اور یہ پہلا ایسا گروپ ہے جس نے قرنطینہ کی 14روزہ مدت مکمل کی ہے۔اس گروپ میں شامل سبھی لوگ صحت مند ہیں اور کسی میں بھی کورونا وائر س جیسی علامات پائی نہیں گئی ہیں ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سرینگر حنیف بلخی نے ان لوگوں کو آج اپنے گھروں کو روانہ کر دیا ۔کشمیر پریس سروس کے مطابق مارچ کی18تاریخ کو لداخ سے ایک پر واز وادی وارد ہو ئی تھی جس میں78مسافر سوار تھے اور ضلع انتظامیہ سرینگر نے ان سبھی 78افراد کو بلیوارڈ روڑ سرینگر پر قائم قرنطینہ مر کز میں منتقل کر دیا تھا ۔ذرائع نے کے پی ایس کو بتایا کہ پچھلے14روز سے ان لوگوں کو لگاتار طبی نگہداشت میں رکھا گیا جس دوران ان کی کئی بار طبی جانچ بھی کرائی گئی ۔اس دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سرینگر حنیف بلخی نے کے پی ایس کو بتا یا کہ سبھی 78افراد صحت مند ہیں اور کسی میں بھی کورونا وائر س کی علامات نہیں پائی گئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ قرنطینہ میں رکھے گئے لوگوں کا پہلا ایسا گروہ ہے جس کو گھر واپس بھیج دیا گیا ہے اور اس گروپ میں سرینگر سمیت شمالی کشمیر کے بارہمولہ،بانڈی پورہ اور کپوارہ کے مسافر شامل ہیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ حکومت نے وادی میںباہر سے آنے والے مقامی لوگوں کے لئے کئی مقامات پر قرنطینہ مرا کز قائم کئے ہیں جہاں پر باہر سے آنے والے لوگوں کو قرنطینہ میں رکھ کر ان کی مانیٹرنگ کی جاتی ہے۔(کے پی ایس)

Comments are closed.