رام بن میں سڑک کا دلدوز حادثہ پیش آیا ،دو کی موت ایک زخمی

گاندربل میں 13سالہ طالب علم نہانے کے دوران غرقاب ہو کر لقمہ اجل

سرینگر/23اپریل: سرینگر جموں شاہراہ پر رام بن کے مقام پر ایک دلدوز سڑک حادثہ پیش آیا جس میں دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ ایک شخص زخمی ہوا ہے جس کی حالت ہسپتال میں نازک بنی ہوئی ہے ۔ ادھر گاندربل میں 13سالہ نوجوان پانی کے کنال میں نہانے کے دوران غر قاب ہوکر لقمہ اجل بن گیا ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق سرینگر جموں شاہراہ پر رام بن کے نزدیک ماروگ علاقیمیں ایک ٹاٹا موبائل گاڑی قریب تین سو فٹ گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 2سوار ہلاک ہوگئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔ اس حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے پولیس ذرائع نے بتایا کہ ضلع رام بن کے ماروگ علاقے میں سری نگر جموں شاہراہ پر بدھ کی شام دیر گئے ایک ٹاٹا موبائل گاڑی سڑک سے لڑک کر قریب تین سو فٹ گہری کھائی میں گر گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دو افراد کی موت جبکہ ایک زخمی ہوا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ مہلوکین کی شناخت فریاد احمد ولد منظور احمد اور منصور احمد ولد مشکور احمد ساکنان کنفر چندر کوٹ کے بطور ہوئی ہے جبکہ زخمی کی شناخت نسیم احمد ولد مقصود احمد ساکن کنفر چندر کوٹ کے بطور ہوئی ہے۔پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ۔ ادھر گاندربل سے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ گاندربل کے چندونہ علاقے میں اس وقت کہرام مچ گیا جب نہانے کے دوران 13سالہ طالب علم زاہد احمد بٹ ولد محمد یوسف بٹ شیخؒ پورہ کے نزدیک کنال میں نہا ہ رہا تھا جس دوران وہ پانی میں غر قاب ہو کر لقمہ اجل بن گیا ۔

Comments are closed.