وادی کشمیر میں خراب موسمی صورتحال جاری ،تازہ بارشوں کے نتیجے سردی کی لہر میں اضافہ

اگلے 24گھنٹوں کے دوران مزید موسلاداربارشوں م برفباری اور گرج چمک کی پیشگوئی

دوران شب تیز آندھی سے جنوبی کشمیر کے کئی علاقوں میں دہشت ،،فصلوں اور میوہ باغات کو نقصان

سرینگر:وادی کشمیر میں جاری خراب موسمی صورتحال کے بیچ جمعہ کو بھی پھر سے متواتر موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی آئی ہے جبکہ دریائے جہلم میں بھی پانی کی سطح میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوا ہے ۔ مسلسل بارشوں کی وجہ سے کئی رہائشی علاقے زیر آب آنے سے ایک بار پھر لوگو ں میں اضطرابی کیفیت پائی جارہی ہے ۔ ادھر دوران شب جنوبی کشمیر کے درجنوں علاقوں میں اس وقت خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا جب طوفانی ہوائیوں کی وجہ سے درجنوں مکانوں کے چھت اڑ گئے جبکہ درختوں اور کھڑی فصلوں اور میوہ باغات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ۔ دریں اثناء محکمہ موسمیات نے اگلے 24گھنٹوں کے دوران وادی بھر میں مزید موسلادھار بارشوں اور گرج چمک کی پیشن گوئی کی ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق خوشگوار موسم کے بیچ وادی کشمیر میں ایک بار پھرموسم میں تبدیلی آتے ہوئے موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا اور رات دیر گئے سے جاری متواتر بارشوں کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی آئی ہے ۔ ۔ اس سلسلے میں ملی اطلاعات کے مطابق جنوبی ضلع شوپیان ، کولگام ، اننت ناگ اور پلوامہ کے نالہ لدر ، نالہ ساندرن ، نالہ ویشو ، نالہ برنگی اور نالہ رمبی آرا کے سمیت کئی ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھ گئی ہے جبکہ کئی نالوں میں طغیانی آنے سے پانی زرعی اراضی میں داخل ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں زرعی اراضی کو کافی نقصان پہنچا ہے ۔ رات سے جاری موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں ایک مرتبہ پھر لوگوں کو زمینی رابطے کے حوالے سے مسائل سے دوچار ہونا پڑرہا ہے ۔ اس دوران ملی اطلاعات کے مطابق اننت ناگ ، کولگام ، پہلگام ، ڈورو ویری ناگ اور دیگر علاقوں میں موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں میوہ باغات اور سبزیوں کو کافی نقصان پہنچا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق وسطی کشمیر کے ضلع سرینگر ، گاندربل اور بڈگام میں بھی موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں ۔ سٹی رپورٹر کے مطابق شہر کے کئی نشیبی علاقے ایک مرتبہ پھر زیر آب آنے سے لوگوں کو عبور ومرور میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ۔ ناقص ڈرنیج سسٹم کے نتیجے میں معمولی بارشوں کے نتیجے میں بھی علاقہ جات زیر آب آجاتے ہیں اور لوگوں کو آئے روز عبور ومرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ جب تک شہر سرینگر میں ڈرنیج سسٹم کو بہتر نہیں کیا جاتا تب تک لوگوں کو عبور ومرور میں مشکلات کاسامنا کرنا پڑے گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے حکومت کو ایک جامع منصوبہ مرتب کرنا چاہیے تاکہ معمولی بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا نہ ہو ۔ ادھر حکام کا کہنا ہے کہ نکاسی آب کے حوالے سے موثر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔ اس دوران جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں سے ہزاروں کنال پر پھیلی زرعی اراضی کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ اس کے علاوہ میوہ باغات اور سبزیاں بھی متاثر ہورہی ہیں ۔ ادھر ودی کشمیر میں خراب موسمی صورتحال اور تازہ بارشیں اور کئی مقامات پر ژالہ باری کی وجہ سے شما ل و جنوب میں میوہ جات مکمل طور پر تباہ و برباد ہو کر رہ گئے جبکہ سبزیوں کی کیاری ، سرسوں اور دوسری فصلیں مکمل طور پر تباہ وبرباد ہو کر رہ گئیں ۔ کئی عمر رسیدہ افراد کے مطابق انہوں نے زندگی اس قدر کی موسمی صورتحال نہیں دیکھی ہے مقامی لوگوں کے مطابق ان علاقوں میں گزشتہ کئی دنوں میں مسلسل بارشیں ہوئی جس کی وجہ سے سیب اور کھڑی فصلوں کا اب نام و نشان تک باقی نہیں رہ گیا ہے ۔ ادھر پلوامہ ،شوپیان اور دوسرے کئی علاقوں میں بھی دوران شب اس وقت خوف و دہشت کی لہر پھیل گئی جب اچانک تیز آندھی اور بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا ۔ معلوم ہوا ہے کہ تیز اندھی کی وجہ سے کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچ گیا ہے جبکہ درجنوں علاقوں میں بجلی پول اور درخت اکھاڑ آئے جس کے نتیجے میں بجلی کا نظام مکمل طور پر ٹھپ ہو کر رہ گیا ۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ اگلے 24گھنٹوں کے دوران پیر پنچال کے آر پار بھاری بارشوں کے ساتھ ساتھ گرج چمک ہونے کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کے صوبائی ناظم سونم لوٹس نے کہا ہے کہ کچھ علاقوں میں تیز ہوائیں اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے ۔ (سی این آئی)

Comments are closed.