پونچھ سیکٹر میںایک بار پھر ہندوپاک افواج کے مابین گولی باری

آر پار گولی باری اور شدید شلنگ سے سرحدی آبادی دہل اٹھی ، کوئی جانی نقصان نہیں

سرینگر/07اپریل/: سرحدوں پر جاری کشیدگی کے چلتے سرحدی ضلع پونچھ میں منگل کو ایک بار پھر پاکستانی فوج نے ہندوستانی فوجی ٹھکانوںکونشانہ بناکرگولہ باری کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے لائن آف کنٹرول پر تنائو کی صورتحال بدستور بنی ہوئی ہے ۔ ادھر لائن آف کنٹرول پر جاری کشیدگی کے باعث سرحدی آبادی بھی تشویش کی لہر دوڑ رہی ہے اور انہوں نے مطالبہ کیا کہ انہیں محفوظ مقامات کی طرف منتقل کیا جائے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق ضلع پونچھ میں کنٹرول لائن پر ہندپاک افواج کے مابین منگل کوکراس فائرنگ ہوئی جس دوران آر پار دونوں ممالک کے افواج نے ایک دوسری کی چوکیوں کو نشانہ بنا کر فائرنگ کی۔ذرائع کے مطابق پاکستانی افواج نے بھارتی ٹھکانوں کو پونچھ کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں آج صبح نشانہ بنایا۔بھارتی افواج نے بھی گولیوں کا جواب دیدیا اور یوں کراس فائرنگ کا آغاز ہوا۔بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران دونوں ممالک کے افواج نے ایک دوسرے کی چوکیوں کو نشانہ بنا کر فائرنگ کی اور جدید ہتھیاروں کو استعمال کیا گیا ۔ تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ یاد رہے کہ گذشتہ اڑھائی ماہ کے دوران صرف ضلع پونچھ کے مختلف سرحدی پٹیوں پر 50سے زائد ہندوپاک افواج کے مابین گولہ باری ہوئی۔ادھر سرحدوں پر جاری کشیدگی کے چلتے سرحدی آبادی میں کافی خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا ہے اور انہوں نے مطالبہ کیا کہ انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے تاکہ ان کی زندگیاں بچائی جا سکیں ۔

Comments are closed.