رام بن میں دو الگ الگ سڑک حادثات رونماء ؛ایک شہری ہلاک دو دیگر زخمی ، رفیع آباد میں پولیس گاڑی حادثے کی شکار

سرینگر/24جون: رام بن میں دو الگ الگ سڑک حادثات میں ایک شخص ہلاک جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے ہیں جن کو فوری طور پر علاج و معالجہ کیلئے ہسپتال پہنچایا گیا ہے ۔ پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرلیا ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق رام بن میں سڑک کے دو الگ الگ حادثات رونماء ہوئے ہیں ۔ معلوم ہوا ہے کہ کیلا مور رام بن کے قریب ایک گاڑی جو سرینگر جموں شاہراہ پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی کا ڈرائیور موقعے پر ہی ہلاک ہوا۔مہلوک ڈرائیور کی شناخت قہر سنگھ ڈگنا جموں کے بطور ہوئی ہے ۔ اس دوران ایک اور سڑک حادثہ پیش آیا جس میں ڈگڈول کے مقام پر ایک ٹا ٹا موبائل JK02A-1192گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دو افراد بشمول ڈرائیور زخمی ہوئے ہیں جن کو فوری طور پرنزدیکی ہسپتا ل پہنچایا گیا جہاں ان کا علاج و معالجہ جاری ہے ۔ پولیس نے دونوں معاملات میں الگ الگ کیس درج کرلئے ہیں ۔ ادھر بارہمولہ میں اُس وقت ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا جب ایک پولیس کی گاڑی گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار پولیس ڈرائیور زخمی ہوا ہے جس کو فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق شمالی کشمیر کے رفیع آباد بارہمولہ کے پانزلہ علاقے میں آج ایک پولیس گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوئی جس کے نتیجے میں گاڑی سڑک کوچھوڑ کو ایک کھائی میں جاگری جس میں سوار ایک پولیس ڈرائیور زخمی ہوا ہے ۔ اس حادثے کی پولیس ذرائع نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمی پولیس اہلکار ہسپتال میں زیر علاج ہے ۔

Comments are closed.