حج کے فرائض کیلئے صرف مقامی عازمین کو ہی اجازت ہوگی/ سعودی حکام

بھارت نے حج 2020پر بھارتی شہریوں بھیجنے پر عارضی پابندی لگادی

سرینگر/23جون: حج2020کو علاقائی سطح پر محدود کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سعودی حکومت نے کہا ہے کہ کوروناوائرس کے پھیلائو کے پیش نظررواں برس حج کے فرائض کی ادائیگی کیلئے صرف مقامی لوگوں کو ہی اجازت دی جائے گی اور بیرون ممالک سے آنے والے کسی بھی عازم کو یہاں آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ ادھر بھارتی سرکار نے اعلان کیا ہے کہ حج 2020کیلئے کسی بھی بھارتی شہری کو سعودی جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا مانیٹرنگ کے مطابق سعودی عرب کی حکومت نے رواں برس کورونا وائرس کے پیش نظر حج کی ادائیگی کی تعداد محدود رکھنے اور صرف سعودی عرب میں مقیم افراد کو ہی حج کرنے کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔ 22 جون کی شب سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دنیا کے 180 سے زائد ممالک میں کورونا وائرس کی وبا کے پھیلا کے پیش نظر محدود تعداد میں سعودی عرب میں مقیم مختلف ممالک کے شہریوں کو حج کا موقع دیا جائے گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک اعلامیہ کے مطابق ذی الحجہ میں سعودی عرب میں مقیم مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو ہی محدود تعداد میں مناسک حج کی ادائیگی کی اجازت ہوگی۔القمرآن لائن کے مطابق وزارت نے اس بات پر زوردیا گیاہے کہ مملکت سعودی عربیہ نے ہمیشہ عازمین حج اور عمرہ کی سلامتی اور تحفظ کو اولین ترجیح دی ہے، اس فیصلے کا مقصد عازم حج کو کورونا وائرس کی وبا سے محفوظ رکھنا ہے۔جاری بیان کے مطابق یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے کہ صحتِ عامہ کے نقطہ نظر سے حج بیت اللہ کی محفوظ انداز میں ادائیگی کو یقینی بنایا جائے، اس دوران تمام حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری کی جائے، وبا کے خطرات سے بچنے کے لیے سماجی فاصلے کے پروٹوکولز پر عمل آوری کی جائے اور اسلامی تعلیمات کے رو سے بنی نوع انسان کی زندگیوں کا تحفظ کیا جائے۔سعودی عرب نے کورونا وائرس پھیلاو کو کم کرنے کے لیے مارچ کے اوائل میں اپنی سرحدیں بند کردی تھیں اور فضائی خدمات معطل کردی تھیں، قبل ازیں 27 فروری کو عمرے کی ادائیگی پر پابندی عائد کردی گئی تھی، اب وہ بتدریج ان بندشوں کو ختم کررہا ہے اور سرکاری اور نجی دفاتر کھول دیے گئے ہیں۔سعودی حکومت نے اسی ہفتے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے عائد کردہ بہت سی پابندیوں کو ختم کردیا ہے اور مسجد الحرام اور مدینہ منورہ سمیت تمام مساجد میں پنج وقت نماز ادا کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔دریں اثناء مرکزی یونین منسٹر مختار عباس نقوی نے کہا ہے کہ رواں برس کووڈ19کی وجہ سے حج 2020کیلئے کوئی بھی بھارتی سعودی عرب نہیں جائے گا اور اس پر سرکار کی جانب سے عارضی پابندی عائد کی گئی ہے ۔ رواں برس 2.3لاکھ عازمین کے درخواستیں بشمول رقومات کو عازمین کو واپس کیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ عازمین نے جو رقم جمع کی ہے اس کو براہ راست ٹرانسفر کے ذریعے واپس کیا جائے گا اور اس میں کوئی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔ نقوی نے کہا کہ رواں برس سعودی عرب نے بھی حج بیت اللہ کو محدود کیا ہے اسلئے سرکار نے بھی فیصلہ کیا کہ رواں برس کسی بھی بھارتی شہری کو سعودی عرب حج کیلئے جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی تاہم کوروناوائرس کا زور جونہی ٹوٹ جائے گا سرکار فیصلے پر نظر ثانی کرے گی۔

Comments are closed.