بارڈر بٹالین امیدواروں کا سری نگر میں احتجاج
سری نگر،12 فروری : جموں و کشمیر پولیس کے بارڈر بٹالین امیدواروں نے ہفتے کے روز یہاں پریس کالونی میں جمع ہو کر اپنے مطالبات کو لے کر احتجاج درج کیا۔ احتجاجی جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے اور تحریری امتحان جلد سے جلد منعقد کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے ۔اس موقع پر خواجہ رفاقت احمد نامی ایک احتجاجی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ سال 2018 میں راج ناتھ سنگھ کی طرف سے بارڈر بٹالین میں بھرتی کا اعلان کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد سال 2019 میں بھرتی کے لئے ایک نوٹیفکیشن بھی جاری کی گئی اور ہم نے فارم جمع کئے اور دیگر ٹیسٹس میں حصہ بھی لیا۔موصوف احتجاجی کا کہنا تھا کہ لیکن تب سے نہ ہمارا تحریری امتحان لیا جا رہا ہے اور نہ بھرتی کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج تک پانچ چھ بار ہمارے کاغذات کی ویری فکیشن کی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ ہم بارڈر بٹالین میں بھرتی کے لئے جاری کی جانے والی نئی نوٹیفکیشن کو مسترد کرتے ہیں۔موصوف نے کہا کہ اگر ہمارے مسائل کو حل نہیں کیا گیا تو ہم دھرنا دیں گے ۔ایک اور احتجاجی نے تحریری امتحان منعقد کرانے کا مطالبہ کیا اور جموں میں بارڈر بٹالین کے امیدواروں کے ساتھ احتجاج کے دوران روا رکھے جانے والے سلوک کی مذمت کی۔انہوں نے کہا: ‘جموں میں امیدواروں کو گھسیٹ کر گاڑیوں میں بھر دیا گیا یہ کون سا راج ہے ’۔یو این آئی
Comments are closed.