"کھریو میں سرگرم عسکریت پسنداور بانڈی پورہ میں خاتون اعانت کار گرفتار”: پولیس
ہتھ گولہ ،اسلحہ و گولی بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرنے کا دعویٰ
سری نگر:٩،ستمبر: کھریو میں فورسز نے مشترکہ آپریشن کے دوران حزب المجاہدین کے ایک جنگجو کو گرفتار کرلیاہے۔ ادھرپولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی میں ایک خاتون جنگجو اعانت کار کو گرفتار کیا ہے۔کے این ایس کے مطابق اونتی پورہ پولیس، 50آرآر اور 185بٹالین سی آر پی ایف نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے کی بنا پر اندروسہ کھریو کو محاصرے میں لے لیا اور خانہ تلاشیاں لیں۔ تلاشی آپریشن کے دوران فورسز کو محاصرے کے دوران میوہ باغ میں مشکوک نقل و حرکت دیکھی۔ پولیس کے ترجمان کاکہناہے کہ مشترکہ فورسز نے ایک مشتبہ شخص کو محاصرے سے فرار ہونے کی کوشش ناکام بنائی اور اسے گرفتار کرلیا۔ پولیس کاکہنا ہے کہ گرفتار کئے گئے شہری کی شناخت شاہد احمد کھانڈے ولد عبدالرشید کھانڈے ساکنہ منڈک پال کھریو کے بطور ہوئی ہے جو حزب المجاہدین کا سرگرم جنگجو ہے۔ فورسز نے مذکورہ جنگجو کی تحویل سے اسلحہ و گولی بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کیاہے۔ اس دوران ضلع بانڈی میں پولیس نے ایک خاتون جنگجو اعانت کار کو گرفتار نے کا دعوی کیا ہے۔ جنگجو اعانت کار کی نقل وحمل کے بارے میں ایک اطلاع موصول ہونے پر پولیس کی ایک ٹیم نے آلوسہ بانڈی پورہ ناکہ بٹھایاگیا۔ چیکنگ کے دوران شیری بارہمولہ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کو گرفتار کیا گیا جس کی تحویل سے ایک ہتھ گولہ اور کچھ قابل اعتراض مواد بر آمد کیا گیا۔ گرفتار شدہ خاتون نے تفتیش کے دوران اعتراف کیا کہ وہ جنگجوئوں کے لئے کام کرتی تھی۔اس دوران پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔
Comments are closed.