زنڈ فرن اور جوگیار ناروائو پمپ اسٹیشن مرمت کے بعد پھر خراب ؛ ناقص میٹرئیل استعمال کرنا بنیادی وجہ ،سینچائی کیلئے پانی دستیاب نہ ہونے سے فصلیں تباہ ،زمیندار نالاں و پریشان

سرینگر کے پی ایس: شمالی کشمیر ضلع بارہمولہ کے جوگیار اور زنڈفرن ناروائو میں محکمہ اری گیشن وفلڈ کنٹرول نے واٹر سپلائی کیلئے لاکھوں روپے کی لاگت سے پمپ اسٹیشن تعمیر کئے ہیں لیکن ناقص میٹرئیل اور مشینری کی وجہ سے یہ اسٹیشن زمینداروں کیلئے پریشانی کے باعث بنے ہوئے ہیں کیونکہ پانی کی سپلائی نہ ہونے سے زمیندار ضرورت کے وقت فصلوں کی سینچائی کرنے سے قاصر ہیں ۔جس سے فصلیں تباہ ہونے کا قوی اندیشہ ہے ۔اس سلسلے میں مقامی زمینداروں نے کشمیر پریس سروس نمائندہ مجید شیری کے ساتھ بات کرتے ہوئے بتایا کہ زنڈفرن اور زوگیار میں قائم پمپ اسٹیشن برائے نام ہیں کیونکہ ان کی فصلیں آج عروج پر ہیں اور پانی نہ ملنے کی وجہ سے ان کی فصلوں کو تباہ ہونے کا اندیشہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ اری گیشن نے ان پمپ اسٹیشنوں کی اگر چہ مرمت عمل میں لانے کا دعویٰ بھی کیا لیکن اس کے مثبت نتائج سامنے نہیں آئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جبکہ محکمہ کی سیول ونگ کے افسران وملازمین سے پوچھا جاتا ہے تووہ میکنکل سیکشن کے ملازمین و افسران کو مورد الزام ٹھہراتے ہیں اور اسی طرح میکنکل کے سیول افسران کی لاپرواہی بتاتے ہیں ۔اس دوران مقامی زمیندار غلام محمد ملک اور عبدالرحمن وانی نے نمائندے کو ہاتھ پکڑ کر کھیتوں میں پہنچایا اور ان کو فصلوں بالخصوص دھان کی کھڑی فصل کا مشاہدہ کروایا ۔نمائندے کے مطابق پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے دھان کی فصل تباہ ہونے کا خطرہ لاحق ہے ۔زمینداروں نے کہا کہ دھان کی فصل پر ان کی سال بھر کمائی کی امید ہوتی ہے لیکن پانی کی عدم دستیابی ان کی ان امیدوں پر پانی پھیر دے گی ۔اس سلسلے میں انہوں نے محکمہ ارگیشن وفلڈ کنٹرول کے حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے بتایا کہ زمینداروں کی فصلوں کو بچانے کیلئے فوری طور ٹھوس اورموثر اقدامات اٹھاتے ہوئے ان پمپ اسٹیشنوں کی مرمت عمل میں لائی جائے یا پانی فراہمی کیلئے کوئی متبادل انتظام تلاش کیا جائے تاکہ زمینداروں کی سال بھر محنت رائیگان ہونے سے بچ جائے گی ۔انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر متعلقہ حکام نے اس حوالے سے مزید عدم توجہی کا مظاہرہ کیا تو وہ اپنے اہل وعیال سمیت سڑکوں پر آکر خیمہ زن ہونگے ۔اس کے بعد جو بھی نتائج برآمد ہونگے اس کی ساری ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی ۔

Comments are closed.