پاپچھن سے بانڈی پورہ اور نوپورہ سے سنروانی سڑک کی حالت ناگفتہ بہہ

لوگوں کا عبورومرور اور گاڑیوں کی آمد ورفت مشکل ،حکام سے فوری تجدیدومرمت کا کیا مطالبہ

سرینگر / کے پی ایس : شمالی کشمیر ضلع بانڈی پورہ میں پاپچھن سے بانڈی پورہ اور نوپورہ سے سنروانی کی سڑک کی حالت انتہائی خستہ ہے جس سے لوگوں کا عبور ومرور اور گاڑیوں کی آمد ورفت مشکل بن گئی ہے ۔اس سلسلے میں مقامی لوگوں نے کشمیر پریس سروس کے ساتھ بات کرتے ہوئے بتایا کہ پاپچھن سے بانڈی پورہ سڑک انتہائی حساس اور بڑی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ مذکورہ سڑک ضلع ہیڈکواٹر اور مین مارکیٹ کے ساتھ منسلک ہے ۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ سڑک میں ایسے کھڈ اور خندق ہوئے ہیں کہ پیدل چلنا محال بن گیا ہے جبکہ سڑک سے گاڑیوں کی آمد ورفت یا چلنے کے دوران ایسی گردوغبار اٹھتی ہے جس سے لوگوں میں مختلف قسم کی بیماریاں پھوٹ پڑتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سڑک کی حالت اتنی ابتر ہے کہ لوگ مشکل سے ضلع دفاتر یا مین مارکیٹ میں پہنچ سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ سمیت ضلع افسران کے آنے جانے کیلئے یہی راستہ موذون ہے لیکن وہ متبادل ٔراستے اختیار کرکے ضلع ہیڈ کواٹر تک پہنچ جاتے ہیںکیونکہ وہ اس حوالے سے لوگوں کے منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے ہیں ۔ادھر سرحدی علاقہ گریز سے جوڑنے والی سڑک نوپورہ سے سنروانی تک کی حالت انتہائی ناگفتہ بہہ ہے جس سے متعدد علاقوں بشمول سنروانی، آجر ،خیار ،لائوپورہ ،اٹھوتو،منتری گام ،پازلپورہ ،بنہ کوٹ کے لوگوں کا عبور ومرور مشکل بن گیا ہے جبکہ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے ٹرانسپورٹرس چلنے سے انکار کرتے ہیں ۔ان کا کہنا ہے کہ ان کی گاڑیوں کے پُرزے اس سڑک پر چلتے آئے روز خراب ہوجاتے ہیں جس سے وہ کمانے کے بجائے نقصان کے شکار ہوجاتے ہیں ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک کی حالت اتنی خستہ ہے کہ ایمرجنسی بیماروں بالخصوص حاملہ خواتین کو اسپتال پہنچانے میں خطرہ رہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ موسم سرما آنے والا ہے اور آئندہ ایام لوگوں کے لئے مزید سخت اور دشوار ہونے ۔اس سلسلے میں انہوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے بتایا کہ متذکرہ سڑکوں کی تجدیدومرمت کیلئے فوری طور ٹھوس اور موثر اقدام اٹھائے جائیں تاکہ لوگوں کے مشکلات کا ازالہ ہوجائے گا ۔

Comments are closed.