افغانستان میں امریکہ کی20 سالہ جنگ کا اختتام؛ امریکی فوج کا انخلاء مکمل

ہم ہر ایک شخص کو باہر نہیں نکال سکے ہیں: جنرل میکانزی

سری نگر:۳۱، اگست: افغانستان سے امریکی فوجی کے انخلاء کا عمل طئے شدہ وقت میں مکمل ہو چکا ہے اور اس تعلق سے امریکی وزارت دفاع کی جانب سے ایک تصویر بھی سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ہے جس کے بارے میں کہا گیا ہے کہ یہ افغانستان چھوڑنے والا آخری امریکی فوجی ہے۔کشمیرنیوزسروس (کے این ایس )مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق امریکی وزارت دفاع پینٹاگون نے اس بات کی تصدیق کی ہے افغانستان میں تقریباً 20 سالہ جنگ اس وقت اختتام پذیر ہوگئی جب امریکہ کا آخری طیارہ افغانستان کے دارالحکومت کابل کے حامد کرزئی بین الاقوامی ہوائی اڈے سے روانہ ہوگیا، جس کے بعد افغانستان سے امریکی فوج کا انخلا مکمل ہوچکا ہے۔امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل میکانزی نے بھی افغانستان سے امریکی افواج کے مکمل انخلا کی تصدیق کردی ہے جو کہ افغانستان سے امریکی فوجی انخلا کے نگراں مقرر تھے۔امریکی فوج کی آخری پرواز C-17کابل کے حامد کرزئی بین الاقوامی ہوائی اڈے سے روانہ ہوگیا ہے۔جنرل میکانزی نے کہا کہ صدر جو بائیڈن نے رواں سال کے شروع میں امریکی فوجی کے انخلا کے لیے 31 اگست کی آخری تاریخ مقرر کی تھی۔واضح رہے کہ دولت اسلامیہ عراق و شام کی شاخ اسلامک اسٹیٹ خراسان صوبہ (آئی ایس کے پی) کی جانب سے انخلاء آپریشن کے دوران کابل ایئرپورٹ پر2خودکش حملے کیے جانے کی وجہ سے امریکی فوج کی آخری پرواز کو سخت سیکورٹی کے ساتھ روانہ کیا گیا۔ پہلے خودکش بم دھماکہ میں کم از کم 175 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں طالبان کے ارکان سمیت 13 امریکی فوجی بھی شامل تھے۔امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ میرین جنرل فرینک میکینزی نے پیر کو پینٹاگون کی نیوز بریفنگ میں انخلاء کا اعلان کیا اور کہا کہ طالبان کے اقتدار میں واپسی کے بعد سے پریشان امریکیوں اور افغانیوں کو نکالنے کے لیے بھیجی گئی فوجیں بھی کابل سے نکل گئی ہیں۔امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل میکانزی نے کہاکہ میں یہاں افغانستان سے اپنی واپسی کی تکمیل اور امریکی شہریوں کو نکالنے کے فوجی مشن کے خاتمے کا اعلان کرنے آیا ہوں۔انہوںنے تاہم کہاکہ ہم ہر ایک شخص کو باہر نہیں نکال سکے ہیں جو باہر نکلنا چاہتے تھے۔ لیکن میرا خیال ہے کہ اگر ہم مزید10 دن ٹھہرے ہوتے تو بھی ہم ہر ایک کو باہر نہیں نکال سکتے تھے اور لوگ مایوس ہوتے کیونکہ یہ ایک مشکل صورتحال تھی۔وہیں، امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ اب افغانستان میں ہماری 20 سالہ فوجی موجودگی ختم ہو چکی ہے۔ میں افغانستان سے خطرناک انخلا کے لئے اپنے کمانڈروں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔

Comments are closed.