پہاڑیوں پر تازہ برفباری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کے بعد موسم کا مزاج بدل گیا

سرینگر میں 16سال بعد ما ہ اگست میںموسم کی سرد ترین رات ریکارڈ ، معمول کا درجہ حرارت 6ڈگری نیچے آیا

سرینگر/16اگست: افروٹ اور دراس کی پہاڑیوں پر رواں موسم کی پہلی برفباری اور میدانی علاقوں میںتازہ بارشوں کے بعد موسمی صورتحال میںتبدیلی آتے ہی اتوار اور سوموار کی رات ماہ اگست میں16سال بعد سب سے سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی ۔ ادھر بارشوں اور ہلکی برفباری کے بعد دن کے درجہ حرارت میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق ماہ اگست میں بھی غیر یقینی موسمی صورتحال کے بیچ بالائی علاقوں میں رواں موسم کی پہلی ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی ۔ میدانی علاقوں میں تازہ بارشوں اور پہاڑی علاقوںمیں ہلکی برفباری سے یکا یک موسمی صورتحال میں تبدیلی آئی جس کے نتیجے میںجہاں دن کے درجہ حرارت میںکمی آئی وہیں رات کا درجہ حرارت بھی کافی نیچا چلا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق سرینگر میں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 12.5 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو سال 2005 سے ماہ اگست کا سب سے کم شبانہ درجہ حرارت ہے۔انہوں نے کہا کہ سرینگر کا گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت معمول سے5.6 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔ خیال رہے کہ اتوار کی صبح محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق وادی کے شمال و جنوب میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ ہوا جبکہ بالائی علاقوں خاص طور پر مشہور سیاحتی مرکز گلمرگ اور دیگر کئی مقامات پر ہلکی بارشیں ہوئی جبکہ شہر آفاق گلمرگ کی افر وٹ پہاڑیوں پر رواں موسم کی پہلی برفباری ریکارڈ کی گئی ۔وادی کے شمال و جنوب میں واقع دیگر اضلاع میں بھی تازہ بارشیں ہوئی ہے جس میں شوپیان ،کپواڑہ اور دیگر کئی اضلاع کے میدانی علاقوں میں بھی ہلکی بارشیں ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ۔کپوارہ،بارہمولہ ،بڈگام ،گاندربل ،پلوامہ ،اننت ناگ ،شوپیان اور کولگام سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ان تمام اضلاع کے میدانی علاقوں میںہلکی بارشیں ریکارڈ کی گئی ۔ مجموعی طور پر پوری وادی کے میدانی علاقوں میں بارشوں سے رات کے کم سے کم درجہ حرارت میں بھاری اضافہ دیکھنے کو ملا۔

Comments are closed.