ہندوارہ میں ڈیلی ویجرس کا رُکی پڑی تنخواہوں کو لیکر کیا زور دار احتجاج

سرکار عدالتی احکامات پر عمل کرکے واجب الاادا تنخو اہ واگذار کرے/فاروق احمد خان

سرینگر /2اگست / کے پی ایس : پی ایچ ای ڈویژن ہندوارہ کے ڈیلی ویجرس کی تنخواہیں کئی برسوں واگذار نہیں کی جارہی ہیں جس کے نتیجے میں ’’تنگ آمد بہ جنگ آمد ‘‘ کے مصداق سرکار کیخلاف زور دار احتجاج کیا ۔کشمیر پریس سروس کے موصولہ بیان کے مطابق معروف سرکردہ ٹریڈ یونین لیڈر ونائب صدر ایجیک فاروق احمد خان نے کہا کہ دن رات جانفشانی سے کام کرنے کے باوجود بھی پی ایچ ای ڈویڑن ہندوارہ میں تعینات 58 ڈیلی ویجرس کی تنخواہ واگزار نہیں کی گئی ہے جسکے نتیجہ میں وہ اپنے معصوم عیال کے ہمراہ کسمپرسی کی حالت میں زندگی بسر کر رہے ہیں، ایک ایک پائی کے لیے ترس رہے ہیں اور کافی مالی مسائل و دشواریوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ محکمہ کے اعلیٰ آفیسران اس سب صورتحال سے باخبر ہونے کے باوجود بھی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جو کہ افسوسناک اور ناقابل برداشت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں عدالتی عالیہ نے بھی احکامات جاری کئے ہیں۔ان احکامات پر عمل کرنے کے لئے محکمہ نے کمیٹیاں تشکیل دی جنہوں نے عدالتی عالیہ کے احکامات پر عمل کرکے ڈیلی ویجرس کی تنخواہ واگزار کرنے کی سفارش کی تاہم تاایں دم عدالتی احکامات پر نہ عمل کیا گیا اور نہ ہی تشکیل شدہ کمیٹیوں کے رپورٹ کو خاطر میں لایا گیا اور ڈیلی ویجرس کو احتجاجی راہ اختیار کرنے پر مجبور کیا گیا۔انہوں نے تمام ملازمین قیادت ِخاصکر جموں وکشمیر ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی اور جموں وکشمیر کیجول ڈیلی ویجرس فورم کے صدر سجاد احمد پرے سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے میں ذاتی دلچسپی لے کر ڈیلی ویجرس کو انصاف فراہم کرانے میں اپنا کلیدی رول ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان غریب ملازمین کی واجب الاادا تنخواہ واگزار نہیں کی گی تو ہم ایک منظم احتجاجی پروگرام کا اعلان کرنے پر مجبور ہونگے جسکی تمام تر ذمہ داری متعلقہ افسران بالا پر عائد ہوگی ۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ایچ ای ڈویڑن ہندوارہ میں کام کررہے ڈیلی ویجرس اور انکے صدر پیر نثار احمد کو یقین دلایا کہ جموں وکشمیر ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی پوری قیادت ان کے پیچھے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں اور ان کے جائز تسلیم شدہ مطالبات کی حصولیابی کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی ۔

Comments are closed.