ہاری پاریگام ترال فائرنگ واقعہ : والدین کے بعد 25سال کی بیٹی بھی
اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر زندگی کی جنگ ہار گئی ، علاقے میں صف ماتم
سرینگر/28جون/// جنوبی قصبہ اونتی پورہ کے ہاری پاریگام علاقے میں نا معلوم مسلح بندوق برداروں کی فائرنگ سے از جاںہوئے میاں بیوی کے بعد ان کی 25سال کی بیٹی بھی اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھی ۔ اسی دوران تینوں کو سوموار کی صبح آبائی علاقے میں پُر نم آنکھوں کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا ۔ سی این آئی کو اس ضمن میں نمائندے نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ترال کے ہاری پاری گام میں اتوار کی شام دیر گئے اس وقت خوف و دہشت کا ماحول پھیل گئی جب نا معلوم مسلح بندوق برداروں نے ایک پولیس اہلکار کے گھر میں گھس کر وہاں فائرنگ کی ۔ معلوم ہوا ہے کہ مسلح جنگجوئوں نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز پلوامہ میں تعینات ایس پی او فیاض احمد کے گھر میں زبردستی گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں فیاض احمد ، اسکی اہلیہ راجہ بیگم اوربیٹی رافیہ اختر شدید طور پر زخمی ہوئے۔فیاض احمد کو شدید زخمی حالت میں جب نزدیکی اسپتال لیجا یا جارہا تھا تووہ دم توڑ بیٹھا جبکہ اسکی اہلیہ اور بیٹی کو انتہائی تشویشناک حالت میں ضلع اسپتال لیجایا گیا جہاں اسکی اہلیہ بھی دم توڑ بیٹھی۔بیٹی رافیہ کو انتہائی نازک حالت میں سرینگر منتقل کیا گیا تاہم وہ سوموار کی صبح اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھی ۔ بیٹی کی موت کے ساتھ ہی فائرنگ واقعہ میںمرنے والوں کی تعداد 3تک پہنچ گئی ۔ ادھر جونہی سوموار کی صبح تینوں کی نعشیں آبائی علاقے میں پہنچ گئی تو وہاں صف ماتم بچھ گئی ۔ اسی دوران لوگوں کی بڑی تعداد نے تینوں کے نماز جنازہ میں شرکت کی جس کے بعد تینوں کو پُر نم آنکھوں کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا ۔ سی این آئی
Comments are closed.