محکمہ سٹیٹ ٹیکسز کمشنر کی صدارت میں افسران کی میٹنگ ؛ سٹیٹ ٹیکسز سرکلز کا لیا باریک بینی سے جائزہ ،افسران کار کردگی کوسراہا
سرینگر /24جون / کے پی ایس : محکمہ سٹیٹ ٹیکس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے سرینگر میں 24جون کوایک جائزہ میٹنگ کا انعقادہوا۔کشمیر پریس سروس کے موصولہ تفصیلات کے مطابق محکمہ سٹیٹ ٹیکس کمشنر شوکت اعجاز احمد بٹ نے جمعرات کو ایکسائز اینڈ ٹیکزیشن کمپلیکس واقع سولنہ سرینگر میں محکمہ کی کارکردگی کے متعلق جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں ایڈیشنل کمشنر کشمیر منظور احمد بٹ ، اسسٹنٹ کمشنر ٹیکس پلاننگ وسیم راجا اور صوبہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے سٹیٹ ٹیکسز افسران نے شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران کمشنر موصوف نے ہر ایک سٹیٹ ٹیکسز سرکل کی کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لیا ۔ انہوں نے افسران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تاجر دوستانہ طریقہ کار پر عمل پیرا ہو کر اپنے ریوینو ہدف کو حاصل کریں۔ انہوںنے افسران کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ مالی سال-22 2021 کے دو مہینوں میں ٹیکس ریونیو میں غیر معمولی اضافہ ان کی کارکردگی کا ہی نتیجہ ہے۔ انہوں نے افسران سے تلقین کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیکس چوری کو روکنے کے لئے بغیر رجسٹریشن تاجروں کا پتہ لگا کر انہیں ٹیکس زمرے میں لائیں۔ انہوں نے اس بات کو واضح کر تے ہوئے کہا کہ تاجروں کے مسائل کا ازالہ کرنے کے لئے ان کے دفتر کے دروازے ہمیشہ کے لئے کھلے رہیں گے۔ انہوں نے افسران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ تن دہی سے کام کرکے محکمہ کے اہداف کو مزید تقویت اور استحکام بخشنے اپنا کلیدی رول ادا کریں۔
Comments are closed.