منشیات کا بڑھتا رجحان تشویشناک ،نوجوان اس لت میں ہورہے ہیں مبتلا

ذہنی کوفت بنیادی وجہ ،والدین میں فکرو تشویش،تدارک کیلئے لائحہ عمل ترتیب دینے کا مطالبہ

سرینگر : کے پی ایس : وادی میں منشیات کا رجحان آئے روز بڑھتا جارہا ہے اور تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوان نشہ آور ادویات کے استعمال کی لت میں بڑی تیزی سے مبتلا ہورہے ہیں ۔اس سلسلے میں شمالی کشمیر کے مختلف علاقوں کے لوگوں نے کشمیر پریس سروس کے ساتھ بات کرتے بتایاکہ حالات اور روزگار کی پریشانیوں ودبائو کی وجہ سے نوجوان طبقہ منشیات کی طرف بڑی تیزی سے گامزن ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ذہنی کوفت کو دور کرنے کیلئے نوجوان نشہ آور ادویات کا خوب استعمال کرکے اپنی زندگیوں کے ساتھ صریحاًکھلواڑ کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ پولیس و دیگر ایجنسیاں منشیات کے انسداد کیلئے مہم جاری رکھے ہوئے ہیں اور منشیات کے دھندے میں ملوث افراد کی گرفتاری عمل میں لانے میں پولیس آئے روز کامیابی حاصل کررہے ہیں ۔لیکن ان کی کاروائیوں کے دوررس نتائج سامنے نہیں آرہے ہیں کیونکہ ملوثین کو ایسی سزا نہیں دی جارہی ہے جس سے دوسرے نوجوان خوفزدہ ہوکر منشیات کی طرف دیکھنے کی جرات نہیں کرتے ۔لیکن جب ملوثین کو معمولی سزائیں دی جارہی ہیں تو اس کے نتائج منفی سامنے آتے ہیں اور نوجوان ان سزائوں کو آسان سمجھتے ہوئے۔بے لگام منشیات کی لت میں مبتلا ہورہے ہیں ۔جس کے نتیجے میں والدین فکروتشویش میں مبتلا ہوئے ہیں ۔اس سلسلے میں انہوں نے انتظامیہ اور پولیس افسران سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ منشیات میں ملوث افراد کا قافیہ حیات تنگ کرنے کیلئے جنگی پیمانے پر اقدامات اٹھائے جائیں اور نشہ آور ادویات فروخت کرنے والے دکانات کو سربمہر کیا جائے تاکہ اس سماجی بدعت پر قابو پایا جاسکے ۔

Comments are closed.