سانبہ میں دراندازی کی کوشش بی ایس ایف نے بنائی ناکام ؛ ایک درانداز کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ، سرحد کے قریب تلاشی آپریشن جاری / بی ایس ایف
سرینگر/19مئی: سرحدی حفاظتی فورس نے بین الاقوامی سرحد پر سانبہ سیکٹر میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے پاکستانی درانداز کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ سی این آئی کو بی ایس ایف ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جموں کے سانبہ سیکٹر میں بی ایس ایف نے بین الاقوامی سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بنائی جس دوران ایک پاکستانی درانداز کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ بی ایس ایف ذرائع کے مطابق سانبہ سیکٹر میں بی ایس ایف نے بن گلڈ سیکٹر میں مشکوک نقل و حمل دیکھی جس کے بعد انہوں نے پورے علاقے کو محاصرے میںلیا ۔ بی ایس ایف نے اس پار سے دراندازوں کا ایک گروپ دیکھا جس کے بعد بی ایس ایف نے ان کو للکاراتاہم جب وہ رک نہیں گئے تو بعد میں بی ایس ایف نے ان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک درانداز زخمی ہو گیا ۔ بی ایس ایف ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ زخمی درانداز کو بی ایس ایف نے گرفتار کر لیا اور انہیں علاج و معالجہ کیلئے گورئمنٹ میڈیکل کالج اور اسپتال جموں منتقل کیا گیا ۔ خیال رہے کہ 6مئی سے یہ دوسری دراندازی کی کوشش کی جس کو بی ایس ایف نے ناکام بنایا ۔ بی ایس ایف کے ایک سنیئر آفیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سانبہ سیکٹر میں بی ایس ایف نے ایک پاکستانی دراندا ز کو زندہ گرفتار کر لیا ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی دراندازوں نے اس پار آنے کی کوشش کی تاہم ان کی کوشش کو ناکام بنایا گیا جس دوران ایک درانداز کو گرفتار کر لیا گیا ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کی جانب سے دراندازی کی کوشش جاری ہے تاہم بی ایس ایف پاکستان کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کیلئے تیار ہے ۔
Comments are closed.