ہند پاک مذاکرات عمل میں مسئلہ کشمیر سر فہرست رہے گا ؛ بھارت سے غیر مشروط مذاکرات کیلئے تیار لیکن کشمیر معاملے پرہمارا موقف واضح/ پاکستان

سرینگر/18مئی/سی این آئی// بھارت اور پاکستان کے درمیان جب بھی مذاکرات ہو نگے مسئلہ کشمیر پر بات ضرور ہوگی کی بات کرتے ہوئے پاکستان نے بھارت پر واضح کر دیا کہ پاکستان بھارت سے غیر مشروط مذاکرات کے لئے تیار ہے لیکن اس بارے میں ہمارا موقف واضح ہے۔سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق اسلام آباد میںمیڈیا نمائندں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے پاکستانی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا تھا کہ کشمیر متنازعہ علاقہ ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں،پاکستان بھارت سے غیر مشروط مذاکرات کے لئے تیار ہے لیکن اس بارے میں ہمارا موقف واضح ہے کہ جب بھی مذاکرات ہوں گے کشمیر پر بات ہو گی۔انہوںنے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہے ۔ انہوںنے مزید کہا کہ طورخم بارڈر پر ہونے والی کشیدگی سے پاک افغان تعلقات پر گہرا اثر پڑا ہم کبھی بھی نہیں چاہتے کہ دونوں ممالک میں کوئی کشیدگی ہو اور افغان وفد کی پاکستان آمد کا مقصد بھی کشیدگی ختم کرنا تھا۔ سرحدی انتظامی امور کے حوالے سے میکنزم پر کام شروع کردیا گیا ہے کیونکہ یہ انسداد دہشت گردی کیلئے انتہائی اہم ضرورت اور حصہ ہے۔ اب دونوں ممالک نے غیر ضروری سرحدی نقل و حرکت روکنے پر اتفاق بھی کرلیا ہے اور اس حوالے سے دونوں ممالک ہمہ وقت رابطے میں بھی ہیں۔

Comments are closed.