کرناہ ٹنگڈار میں بجلی کا نظام ناقص ،بجلی کھمبے بوسیدہ

لوگوں کو مشکلات ،تین ٹاور نصب کرنے کا حکام سے مطالبہ

سرینگر / کے پی ایس : سرحدی قصبہ کرناہ ٹنگڈار میں بجلی نظام ناقص ہونے سے گھپ اندھیرا چھایا رہتا ہے ۔جس سے لوگوں کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے ۔اس سلسلے میں مقامی لوگوں نے کشمیر پریس سروس کو بتایا کہ مذکورہ علاقہ میں بجلی کے کھمبے بوسیدہ ہوچکے ہیں اور علاقہ میں برفباری اور بارشوں کا سلسلہ دیر تک جاری رہتا ہے جس کے نتیجے میں بجلی کھمبے زمین بوس ہوجاتے ہیں ۔ان بجلی کھمبوں کو دوبارہ نصب کرنے کے لئے محکمہ پی ڈی ڈی کے ملازمین جان جوکھم میں ڈال رہے ہیں لیکن ان کھمبوں کی بوسیدہ حالت کی وجہ سے باربار گر جاتے ہیں ۔جس سے مہینوں ہا علاقہ میں گھپ اندھیرا چھایا رہتا ہے اور بجلی کی محرومی سے جہاں عام لوگوں کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے وہیں زیر تعلیم بچوں کی تعلیم متاثر ہوجاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پہلے پہل محکمہ کی جانب سے ملازمین کو بجلی کی ترسیلی لائنوںاور کھمبوں کی مرمت کےلئے گاڑی اور دیگر سامان مہیا رکھا جاتا تھا تاہم آجکل ان غریب ملازمین کو پیدل جاکر بغیر سامان کے مرمت کرنی پڑتی ہے ۔اس سلسلے میں انہوں نے لفٹنٹ گورنر انتظامیہ ، محکمہ پی ڈی ڈی حکام اور ڈپٹی کمشنرکپوارہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کا نظام بہتر اور مستحکم بنانے کےلئے ٹی پی ،سادھناٹاپ اور جرلہ میں بجلی ٹاور نصب کئے جائیں اور محکمہ ہذا کے ملازمین کو مرمت کے دوران لانگ بوٹ ،ہلمٹ ،واٹر پروف جاکیٹ ،گاڑیاں اور دیگر ضروری سامان فراہم کیا جائے تاکہ وہ بہ آسانی تجدید ومرمت کا کام انجام دے سکیں اور ٹاور نصب کرنے سے بجلی نظام مستحکم ہوکر لوگ راحت کی سانس لے سکیں گے ۔

Comments are closed.