جموں کشمیر کے سرکاری ہسپتالوں میں کووڈ مخالف ویکسین دستیاب نہیں ؛ لوگ ہسپتالوں سے مایوس ہوکر اپنے گھروں کو بغیر ٹیکہ لگائے لوٹ جاتے ہیں
سرینگر/30اپریل: جموں کشمیر کے سرکاری ہسپتالوں میں کووڈ مخالف ویکسین دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے لوگ ہسپتالوں سے بغیر ٹیکہ لگائے ہی مایوس ہوکر اپنے گھروں کو لوٹ آتے ہیں جبکہ پرائیویٹ ہسپتالوں میں ویکسین دستیاب ہے اور 225سے 250روپے تک فی کس ویکسین لگایا جارہا ہے ۔ ادھر یکم مئی سے 18سال سے زائد کے عمر والے افراد ٹیکہ لگاسکتے ہیں لیکن یوٹی میں ویکسین کی عدم دستیابی سے یہ عمل غیر موثر ہوگیا ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق جموں کشمیر میں کوروناوائرس کے مثبت معاملات میں تیزی آنے اور اموات کی تعداد بڑھنے کے نتیجے میں لوگ اگرچہ کووڈ مخالف ویکسین لگانے کیلئے ہسپتالوں کا رُخ کررہے ہیں تاہم جموں کشمیر کے سرکاری ہسپتالوں میں ویکسین کی عدم دستیابی کے نتیجے میں لوگ واپس اپنے گھروں کو بغیر ویکسین کے ہی لوٹ جاتے ہیں ۔ لوگوں نے کہا ہے کہ سرکار ٹیکہ کاری کی مہم اگرچہ زوروں پر چلارہی ہے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین لینے کی صلاح دی جارہی ہے لیکن ستم ٖظریفی یہ ہے کہ اکثر ہسپتالوں میں ویکسین دستیاب نہیں ہے ۔ ایک شخص نے بتایا کہ وہ رواں ہفتے میں قریب تین بار رعناواری ہسپتال آدھار کارڈ لیکر ویکسین لینے کی غرض سے گیا لیکن ہر بار اسے مایوس ہوکر بغیر ویکسین کے ہی لوٹنا پڑا اور ہسپتال انتظامیہ گزشتہ تین روز سے کہہ رہی ہے کہ کل ویکسین آئیں گے ۔ اسی طرح دیگر ہسپتالوں اور دیگر سرکاری طبی مراکز کی بھی حالت ہے جہاں لوگ ویکسین لینے کیلئے جاتے ہیں لیکن انہیں ویکسین نہیں دیا جاتا اور یہ کہہ کر واپس بھیج دیا جاتا ہے کہ ویکسین ختم ہوچکے ہیں ۔ اس دوران معلوم ہوا ہے کہ وادی کے پرائیویٹ ہسپتالوں میں ویکسین دستیاب ہے اور 225سے 250روپے فی کس لئے جاتے ہیں اور ویکسین دئے جاتے ہیں ۔ اس پر عوامی حلقوں نے سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پرائیویٹ ہسپتالوں میں ویکسین دستیاب ہے تو سرکاری طبی مراکز پر کیوں نہیں ۔ ادھر کئی ایک اشخاص نے سی این آئی کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہسپتالوں میں تعینات ملازمین اپنے رشتہ داروں اور قریبی افراد کو ویکسین لگانے میں ترجیح دیتے ہیں اور جب انہیں اپنا کوئی رشتہ دار، قریبی یا دوست ویکسین لگانے کیلئے آتا ہے توا س کو ٹیکہ لگایا جاتا ہے جبکہ عام لوگوں سے کہا جاتا ہے کہ ویکسین ختم ہوچکی ہے ۔ لوگوں نے اس سلسلے میں ایل جی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری ہسپتالوں میں ویکسینوں کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اُٹھائیں۔
Comments are closed.