موسمی صورتحال میں پھر آئی تبدیلی ،بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری ، میدانی علاقوں میں جم کر بارشیں
اپریل کے مہینے میں بھی موسم نے سخت تیور دکھاتے ہوئے اہل وادی کو مشکلات میں مبتلا کیا
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں میںتیز ہوائوں کے ساتھ بارشوںکی پیشگوئی کی
سرینگر/15اپریل: محکمہ موسمیا ت کی پیشگوئی کے عین مطابق شہر ہ آفا ق گلمرگ سمیت وادی کے کئی بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری جبکہ کچھ میدانی علاقوں میں جم کر بارشیں ہوئی ۔ ادھر مسلسل بارشوں کے بیچ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں تک مزید بارشوں اور برفباری کے ساتھ ساتھ تیز ہوائیوں کی بھی پیشگوئی کرتے ہوئے 18اپریل تک موسم خراب رہنے کی پیشگوئی کی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات سے موسمی صورتحال میں تبدیلی آئی جس دوران بالائی علاقوں میں تازہ برفباری ریکارڈ کی گئی جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیںہوئی ۔ جمعرات کو وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری اور میدانی علاقوں میں بارش درج کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے ہفتے کے آخر تک جموں و کشمیر اور لداخ میں بارش و برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔وادی کشمیر میں امسال خراب موسمی صورتحال کا سلسلہ رہتے ہوئے اپریل کے مہینے میں بھی موسم نے سخت تیور دکھاتے ہوئے اہل وادی کو مشکلات میں مبتلا کیا ۔ کچھ دنوں کے خوشگوار موسم کے بعد محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق بدھ کی رات دیر سے ہی وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو جمعرات کوبھی جاری رہا ۔بدھ کی رات دیر گئے محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق وادی کے شمال و جنوب میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ ہوا جبکہ بالائی علاقوں خاص طور پر مشہور سیاحتی مرکز گلمرگ اور دیگر کئی مقامات پر تازہ برفباری ہونے کے علاوہ وادی کے بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری ہوئی ۔ جمعرات کو دن بھر دن بھر وقفے وقفے سے بارشیں جاری رہنے کے نتیجے میں میں شہر سرینگر میں عام اور کاروباری زندگی پر اثر پڑا اورشہر کی سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے عام لوگوں کو عبور و مرور کے حوالے سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔وادی کے شمال و جنوب میں واقع دیگر اضلاع میں بھی تازہ بارشیں ہوئی ہے جبکہ شوپیان ،کپواڑہ اور دیگر کئی اضلاع کے میدانی علاقوں میں بھی ہلکی برفباری ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ۔کپوارہ،بارہمولہ ،بڈگام ،گاندربل ،پلوامہ ،اننت ناگ ،شوپیان اور کولگام سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ان تمام اضلاع کے میدانی علاقوں میںہلکی بارشیں ریکارڈ کی گئی ۔اس دوران سونہ مرگ،لداخ کے بیشتر علاقوں ، پہلگام ، مڑھل ، ٹیٹوال ، گریز ،زوجیلااور اوڑی کے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری کی اطلاعات ملی ہیں۔ مجموعی طور پر پوری وادی کے میدانی علاقوں میں بارشوں اور بالائی علاقوں میں برفباری کا تازہ سلسلے کے بیچ جہاں ایک طرف معمول کی زندگی بری طرح سے متاثر ہوئی، وہیں دوسری جانب رات کے کم سے کم درجہ حرارت میں بھاری اضافہ دیکھنے کو ملا۔ دریں اثناء محکمہ موسمیات نے بتایا کہ وادی میں آئندہ 24گھنٹوں تک مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور اس دوران بارشیں اور برفباری بھی ہوسکتی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خراب موسمی صورتحال 17 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ جموں و کشمیر کے متعدد مقامات پر ہلکی بارش جبکہ پہاڑی علاقوں پر برفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘ 17 اپریل تک بارش اور ہلکی برف باری کا امکان ہے۔’محکمہ موسمیات نے اسمانی بجلی گرنے کی بھی وارننگ جاری کی ہے۔جمعرات کو کم سے کم درجہ حرارت سرینگر میں 7.8، پہلگام 2.9 اور گلمرگ 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔لداخ کے لیہہ قصبے میں منفی 1.9، کرگل منفی 1.2 اور دراس میں منفی 2.3 ڈگری درجہ حرارت رہا۔جموں شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 24.5، کٹرا 21.0، بٹوت 11.0، بانیہال 9.0 اور بھدرواہ میں 8.7 رہا۔
Comments are closed.