تواریخی مغل روڑ سے برف ہٹانے کے کام میں تازہ برفباری سے رُکاوٹ

بانڈی پورہ گریز شاہراہ پر تازہ برفباری ہونے کے نتیجے میں شاہراہ پر ٹریفک معطل

سرینگر/12اپریل: خطہ پیر پنچال کو وادی کشمیر سے ملانی والی شاہراہ مغل روڑ ہنوز بند ہے جبکہ گریز بانڈی پورہ روڑ تازہ برفباری کے بعد پھر بند کردی گئی ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے راستے خطہ پیر پنچال سے وادی کوملانی والی تواریخی مغل شاہراہ پر اگرچہ برف ہٹانے کاکام جاری تھا تاہم تازہ برفباری کے بعد اس میں رُکاوٹ پیدا ہوئی ہے اور سڑک ہنوز بند پڑی ہے ۔ اس شاہراہ کو نومبر کے مہینے میں ہی ٹریفک کیلئے بندکردیا گیا تھا اگرچہ امید ظاہر کی جارہی تھی کہ پندرہ اپریل تک شاہرا ہ سے برف ہٹانے کا کام مکمل ہوگا اور اس کو ٹریفک کیلئے بحال کیا جائے گا تاہم تازہ برفباری کے بعد برف ہٹانے کے کام میں رُکاوٹ پیدا ہوئی جس کے نتیجے میں شاہراہ ہنوز بند ہے ۔دریں اثناء شمالی کشمیر کے قصبہ گریز کو وادی کے دیگر حصوں کے ساتھ جوڑنے والے 85 کلومیٹر طویل بانڈی پورہ۔ گریز روڈ کو پیر کے روز ایک برفانی تودا گر آنے کی وجہ سے ایک پھر ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند کر دیا گیا۔واضح رہے کہ بانڈی پورہ۔ گریز روڈ کو قریب چھ ماہ بعد 10 اپریل کو ٹریفک کی یک طرفہ نقل و حمل کے لئے کھول دیا گیا تھا۔پولیس کنٹرول روم بانڈی پورہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اتوار کے روز ہونے والی تازہ برف باری اور ایک برفانی تودا گر آنے کی وجہ سے گریز روڈ کو پیر کے روز ایک بار پھر بند کر دیا گیا ہے۔ادھر سرینگر سونہ مرگ روڑ پر یک طرفہ ٹریفک جاری ہے ۔

Comments are closed.