سعودی عرب سے جوتوں میں چھپاکر سونے کے بسکٹ سمگل کرنے کی کوشش

جموں ایئر پورٹ پر سمگلروں کو دھر دبوچا گیا ، جوتوں سے سونے کے بسٹک برآمد

سرینگر/10اپریل: جموں ائر پورٹ میں جوتے میں چھپاکر سونے کے بسکٹ سمگل کرنے والے دوسمگلروںکو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں سمگلروںنے یہ سونے کے بسکٹ سعودی عرب سے غیر قانونی طور پر درآمد کئے تھے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق جموں ائیرپورٹ پر سعودی عرب سے غیر قانونی طور پر درآمد کی جانے والی سونے کے ایک کلو گرام بسکٹس کے ساتھ 2 غیر مقامی افراد کو گرفتار کرنے کا پولیس نے دعوی کیا ہے۔ تھانہ ستواری کو موصولہ اطلاع کی بنیاد پر ایس ایچ او تھانہ ستواری انسپکٹر نشنت گپتا کی سربراہی میں پولیس کی ٹیم ہوائی اڈے پر پہنچ گئی۔دہلی سے جموں ہوائی اڈے پر اترنے والے دو افراد کے کچھ مشکوک برتائو کا نوٹس لینے پر پولیس نے دونوں مشتبہ افراد کو تفتیشی مقصد کے لئے تھانہ ستواری لے جایا۔ پولیس نے بتایاکہ پوچھ گچھ کے دوران دونوں مشتبہ افراد نے اپنی شناخت جئے ویر ولد ہیم چندر ساکن جھجر ہریانہ اور محمد طارق ولد زاہد حسین سکنہ میواجات تحصیل دھم پور ضلع بجنور اترپردیش کے طور پر ظاہر کی۔پولیس نے بتایا ان کے قبضے سے تقریباً 50 لاکھ روپے مالیت کی سونے کے چار بسکٹ برآمد ہوئے ہیں جو انہوں نے اپنے جوتوں میں چھپا رکھی تھیں۔ پولیس نے مزید بتایا کہ انھوں نے انکشاف کیا کہ یہ سونا غیر قانونی طور پر سعودی عرب سے درآمد کیا گیا تھا۔ دونوں ملزم حادثاتی طور پر جموں آئے تھے۔ ایک سینئر پولیس اہلکار نے بتایا کہ انہیں دہلی میں کہیں جانا تھا۔ اسی مناسبت سے یہ معاملہ ڈائریکٹوریٹ ریونیو انٹیلی جنس جموں کیساتھ اٹھایا گیا تھا ، جس نے معاملہ کا نوٹس لیاہے۔ ملزموں سے پکڑی گئی سونے کی بسکٹس کو مزید کارروائی کے لئے ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو ا نٹیلی جنس جموں کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ادھر پولیس نے اس سلسلے میں ملزمان سے پوچھ تاچھ شروع کردی ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ اس نیٹ ورک سے جڑے مزید افراد کی گرفتاری عمل میں لائی جاسکتی ہے ۔

Comments are closed.