کنگن میں نقب زنوں نے دوران شب 9دکانوں کا صفایا کیا ؛ پولیس نے اس سلسلے میںکیس درج کرکے چوروں کی تلاش شروع کی

سرینگر/09اپریل: گاندربل کے قصبہ کنگن میں نقب زنوںنے دوران شب 9دکانوں میں نقب لگاکر وہاں پر موجود لاکھوںروپے مالیت کا سامان اُڑالیا جبکہ نقدی پر بھی چوروں نے ہاتھ صاف کیا ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں کنگن علاقے میں گزشتہ شب چوروں نے یکے بعد دیگرے 9دکانوں میں نقب لگاکر وہاں سے قیمتی سامان چرالیا ۔ چوروں نے جن دکانوں کو لوٹا ہے ان میں اکثر کریانہ کی دکانیں تھیں جبکہ ایک موبائل دکان اور ایک میڈیکل شاپ کو بھی نہیں بخشاگیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ صبح جب دکاندار اپنی دکانیں کھولنے کیلئے گئے تو وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ ان کے دکانوں کی شٹر ٹوٹے ہوئے ہیں اور جب اندر دیکھا تو وہاں پر لاکھوں روپے مالیت کا سامان غائب تھا جبکہ کئی ایک دکانوں سے کچھ نقدی بھی اُڑالی گئی ہے ۔ قصبہ میں چوری کی ان بڑھتی ہوئی وارداتوں پر لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے خاص کر تاجروں نے کہا ہے کہ چوری کی بڑھتی واردتوں پر قابو پانے میں پولیس ناکام ہوچکی ہے انہوںنے کہا کہ 24مارچ کو چوروں نے کلن اور گگن گیر نامی علاقوں سے دو آلٹو گاڑیاں چوری کرلیں تاہم ابھی تک ان کا بھی کہیں پر سراغ نہیں ملا ہے ۔ تاجروں نے پولیس کے اعلیٰ افسران سے اپیل کی ہے کہ چوری کی وارداتوں میں ملوث نقب زنوں کو پکڑنے کیلئے فوری اقدامات اُٹھائے جائیں۔

Comments are closed.