کشمیر مسئلے کا حل ہمارا اصولی موقف ،مسئلہ کشمیر کے حل تک بھارت سے تعلقات بہتر نہیں ہوسکتے/ عمران خان

کشمیر پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ،کشمیر سمیت تمام دو طرفہ مسائل کے حل کے بغیر پائیدار امن ناممکن / ترجمان

سرینگر/02 اپریل/سی این آئی// کشمیر کو حق خود ارادیت دئیے بغیر بھارت کے ساتھ تعلقات نارمل نہیں ہوسکتے ہیںکی بات کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمارا اصولی موقف ہے کہ کشمیر کا مسئلہ حل کئے بغیر بھارت کے ساتھ تجارت نہیں ہوگی۔ ادھر پاکستان کے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ کشمیر اور بھارت سے مذاکرات کے حوالے سے مؤقف تبدیل نہیں ہوا۔سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بھارت کیساتھ تعلقات کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور وزارت خارجہ کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزارت خارجہ کی جانب سے بھارت کے ساتھ تجارت کے حوالے سے تجاویز پر بریفنگ دی گئی، اور اتفاق ہوا کہ کشمیر کی آئینی صورتحال بحال ہونے تک بھارت کے ساتھ کسی قسم کی تجارت نہیں ہوسکتی۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارا اصولی موقف ہے کہ کشمیر کا مسئلہ حل کئے بغیر بھارت کے ساتھ تجارت نہیں ہوگی، اس سے غلط تاثر جائے گا کہ ہم کشمیر کو نظر انداز کرکے بھارت سے تجارت شروع کریں، کشمیر کو حق خود ارادیت دئیے بغیر بھارت کے ساتھ تعلقات نارمل نہیں ہوسکتے۔ادھر پاکستانی ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی نے یوم پاکستان پر وزیر اعظم عمران خان کو مبارکباد کا پیغام دیا تھا، وزیراعظم نے بھی جواب دیا تاہم کشمیر پر پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، کشمیر سمیت تمام دو طرفہ مسائل کے حل کے بغیر خطہ میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔

Comments are closed.