چاڈور سے سرینگر سڑک کی خستہ حالی ؛ لوگوں کیلئے باعث ستم ،حکام سے فوری طور تجدید ومرمت کیلئے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ
سرینگر /31مارچ / کے پی ایس : وسطی کشمیر ضلع بڈگام کے تحصیل چاڈورہ سے رام باغ سرینگر تک سڑک کی حالت انتہائی خستہ ہے جس سے لوگوں کا عبورونرور اور گاڑیوں کی آمد ورفت کافی مشکل بن گئی ہے ۔اس سلسلے میں مقامی لوگوں نے کشمیر پریس سروس نمائند ہ میر فیروز کے ساتھ بات کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ سڑک کی حالت خستہ ہونے کی وجہ سے جہاں لوگوں کی آواجاہی میں مشکلات کا سامنا ہے وہیں کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ علاقہ میں ہر تاجر کی تجارت اور کاروبار شہر سرینگر کے ساتھ ہی وابستہ ہے اور درآمدگی وبرآمدگی مال کا ذریعہ بھی یہی سڑک ہے ۔جبکہ تحصیل ہیڈ کواٹر میں بیشتر ملازمین سرینگر کے تعینات ہیں جبکہ تحصیل ہذا کے ملازمین سرینگر میں تعینات ہیں اور اس تحصیل کے زیادہ تر بچے اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے سرینگر ہی جاتے رہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مجموعی طور تمام شعبہ جات کا تعلق براہ راست سرینگر کے ساتھ ہے لیکن سڑک کی ناگفتہ بہہ حالت کے باعث ملازمین کو ڈیوٹی پر ،زیر تعلیم طلبہ کو کالج یا یونیورسٹیوں یا کوچنگ سنٹروں اور تاجروں کوتجارت جاری رکھنے میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔کیونکہ مذکورہ سڑک کے بیچوں بیچ ایسے کھڈ اور خندق ہوئے ہیں کہ گاڑیاں چلتے وقت ہچکولے لیتی رہتی ہیں اور منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہورہا ہے ۔اس طرح سے وقت کا زیاں ہونے کے ساتھ ساتھ لوگ ذہنی کوفت کے شکارہورہے ہیں ۔اس سلسلے میں انہوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ سڑک کی حالت اور اس کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کی طرف توجہ مرکوز کرکے فوری طور اس کی تجدید ومرمت کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ لوگوں کے مشکلات کاازالہ ہوسکے۔
Comments are closed.