’’آمد بہار میں احساس سرما ‘‘ چند روز موسمی صورتحال میں بہتر رہنے کے بعد موسم نے یکایک بدلی کروٹ

وادی کے کئی علاقوںمیں جم کر بارشیں ، سردی کی لہر واپس لوٹ آئی ، آج سے موسم رہے گا بہتر

چرار شریف میں زمین کھسکنے کے واقعات ، سات دکانوںکو نقصان ، کپواڑہ میں سیلابی صورتحال سے پل ڈھہ گیا

سرینگر /29مارچ: وادی کشمیر میں موسم نے یکا یک کروٹ بدلتے ہوئے اہلیان وادی کوایک بار پھر سردی کااحساس دلایا ۔ شہر سرینگر میں دوران شب سے ہی موسمی صورتحال میںتبدیلی آئی جس دوران شمالی کشمیر میںجم کر بارشیں ہوئی جبکہ سرینگر سمیت جنوبی کشمیر کے کئی علاقوں میں ہلکی رم جم بارشیں ہوئی ۔ ادھر بڈگام کے چرار شریف علاقے میں بارشوں کے نتیجے میں زمین کھسکنے کے واقعات میں 7دکانوں کو نقصان پہنچ گیا جبکہ سیلابی صورتحال کے باعث پل کو نقصان پہنچ جانے کے نتیجے میں کپواڑہ لولاب شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ۔سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر میں چند دنوںتک موسم بہتر رہنے کے بعد ایک بار پھر موسم نے یکایک کروٹ بدلی جس کے نتیجے میں دوران شب سے ہی بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ۔ اتوار اور سوموار کی درمیانی رات سے ہی کہیں کہیں پر گرج چمک اور بادل گرجنے کے ساتھ ساتھ بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ۔ شہر سرینگر میں سوموار کی صبح سے ہی جم کر بارشیں ہوئی جس کے نتیجے میں سردی کی لہر واپس لوٹ آئی اور لوگوں نے گرم ملبوسات زیب تن کرنے کا سلسلہ دوبارہ شروع کر دیا گیا ۔ بارشوں کے نتیجے میں دن بھر معمول کی زندگی متاثر رہی جبکہ بازاروں میں دن بھر نقل و حمل کم ہی دیکھنے کو ملی اور لوگوں نے گھروں میں ہی رہنے کو ترجیح دی ۔ اس دوران وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام ، شمالی کشمیر کے کپواڑہ اور ہندوارہ علاقوں میں جم کر بارشیں ہوئی۔ ادھر جنوبی کشمیر سے بھی نمائندوں نے اطلاع دی ہے کہ جنوبی کشمیر کے تمام علاقوں میں بھی دن بھر موسلا دار بارشوں کے نتیجے میں معمول کی زندگی متاثر رہی اور بارشوں کے نتیجے میں موسم سرما جیسا احسا س دوبارہ لوٹ آیا ۔ بارشوں کے نتیجے میں ندی نالوں میں پانی کا تیز بہائو برھ گیا جبکہ پہاڑی علاقوں میں مٹی کے تودے گرنے کا سلسلہ بھی شروع ہو ا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں مختصر عرصہ تک بارش / برفباری ہوئی اور شام سے موسم میں بہتری آنے کا امکان ہے۔ سرینگر میں آج کم سے کم درجہ حرارت 11.2، پہلگام 7.0 اور گلمرگ 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ درج کی گئی۔رات کے کم ترین درجہ حرارت لیہہ شہر میں 5.2، کرگل 0.4 اور دراس 1.7 ریکارڈ کیا گیا۔جموں شہر میں 23.3، کٹرا 20.6، بٹوت اور بنیہال دونوں میں 13.4 تھا جبکہ بھدروہ میں کم سے کم درجہ حرارت 8.6 رہا۔گذشتہ ہفتے جموں و کشمیر میں زبردست بارش و برف باری کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے آبی پناہ گاہوں میں پانی کی سطح بڑھ گئی۔ ادھر مسلسل بارشوں کے نتیجے میں چرار شریف کے بڈگام علاقے میںزمین کھسکنے کے واقعات پیش آئے جس دوران ہوٹل سمیت سات دکانوں کو نقصان پہنچ گیا ۔ نمائندہ کے مطابق مسلسل بارشوں کے نتیجے میں مختلف مقامات پر زمین کھسک جانے کے واقعات پیش آئے جس کے نتیجے میں دکانوں کو نقصان پہنچ گیا ۔ زمین کھسک جانے کے واقعات میں دکانوں کو نقصان پہنچ جانے کے بعد لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ ادھر کپواڑہ لولاب سڑک کو اس وقت ٹریفک کی نقل و حمل کیلئے بند کر دیا گیا جب مسلسل بارشوں کے نتیجے میں پل کو نقصان پہنچ گیا ۔ ایس ڈی ایم نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مسلسل بارشوں کے نتیجے میںسیلابی صورتحال پیدا ہونے کے بعد پل کو نقصان پہنچ گیا جس کے بعد اس کو بطور احتیاط ٹریفک کی آمد رفت کیلئے بند کر دیا گیا ۔ ادھر محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا تھا کہ آئندہ 24گھنٹوں میں وادی کشمیر کے چند ایک مقامات پر بارشیں ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے ایک الرٹ جاری کیا ہے جس میں انہوں نے برفانی تودے، فلیش فلڈ (سیلاب) اور مٹی کے تودے گرنے کے بارے میں انتباہ دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے صوبائی ناظم سونم لوٹس کا کہنا ہے کہ مارچ کا مہینہ مجموعی طور پر وادی کشمیر میں بارشوں کا سیزن ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مارچ کے مہینے میں ہونے والی بارشوں سے عام لوگوں کو گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔تاہم انہوں نے کہا ہے کہ باغبانی شعبے سے وابستہ افراد کو خبردار رہنے کی ضرورت ہے۔

Comments are closed.