دنیا بھر کے ساتھ ساتھ آج وادی کشمیرمیں بھی شب برات منائی جارہی ہے

کووڈ19کے پیش نظر درگاہ حضرتبل اور جامع مسجد سرینگر میں کوئی اجتماعی تقریب منعقد نہیں ہوگی

سرینگر /29مارچ: دنیا بھر کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر میں بھی آج شب برات منائی جارہی ہے تاہم کووڈ19کی ایڈوائزری کو مد نظر رکھتے ہوئے درگاہ حضرتبل، جامع مسجد سرینگر اور دیگر اہم مذہبی مقامات پر کوئی اجتماعی تقریب منعقد نہیں کی جائے گی ۔ تاہم توحید پرست انفرادی طور پر شب کررہے ہیں۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق مسلمانان عالم کیلئے ایک برگزیدہ شب ، شب برات جہاں دنیا بھر میں منائی جارہی ہے وہیں پر جموں کشمیر باالخصوص وادی کشمیر میں بھی آج یہ شب منایا جارہا ہے ۔ اس شب میں لوگ اپنے گناہوں کی بخشش، اپنے مہلوکین کے حق میں دعائے مغفرت او ر توبہ و استغفار کی محفلیں آراستہ کی جارہی ہے تاہم کووڈ 19کی ایڈوائزری کو مد نظر رکھتے ہوئے درگاہ حضرتبل اور جامع مسجد سرینگر میں شب کے سلسلے میںکوئی اجتماعی تقریب منعقد نہیں ہوگی ۔ معلوم ہوا ہے کہ شب برات کے سلسلے میں آج جامع مسجد میں ہونے والی وادی کی سب سی بڑی تقریب منسوخ کی گئی ہے۔انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے ایک بیان میں کہاہے کہ COVID-19 کی تازہ لہر کی وجہ سے شب برات کی تقریب منسوخ کی گئی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ میرواعظ عمر فاروق کی اگست 2019 سے مسلسل خانہ نظر بندی کے سبب مجلس وعظ و تبلیغ اور توبہ و استغفار کا انعقاد بھی ممکن نہیں ہے۔بیان میں کہا گیا کہ شب برات کی تقریب کی منسوخی عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری کردہ رہنما خطوط ، طبی ماہرین کی آرااور COVID-19 کی بڑھتی ہوئی شرح کے پیش نظر کی گئی ہے۔بیان میں انجمن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ COVID-19 کے رہنما اصولوں SOP’s پر سختی سے عمل کریں اور بارگاہ خداوند قدوس میں انفرادی طور پر مہلک وبا سے مکمل نجات کیلئے دعائوں کا اہتمام کریں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ مقدس ماہ رمضان کی آمد اور نماز تراویح کے اہتمام کے سلسلے میں انجمن اوقاف عنقریب فیصلہ لیکر عوام تک صورتحال کے حوالے سے اعلان کریگی۔واضح رہے کہ29مارچ یعنی آج شب برات منائی جارہی ہے۔اس روز لوگ قبرستانوں پر حاضری دیکر مہلوکین کے حق میں دعائے مغفرت اور فاتح خوانی بھی کرتے ہیں ۔

Comments are closed.