موسم کے سخت تیور جاری ، میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ، بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری

سرینگر جموں شاہراہ سمیت دیگر شاہراہ دوسرے روز بھی بند ، آج بھی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت نہیں ہوگی / محکمہ ٹریفک

سردی کی لہر نے پھر دستک دی ، معمول کی زندگی بری متاثر، 25مارچ سے موسمی صورتحال میں بہتری کا امکان

سرینگر/23مارچ : پیر پنچال کے آر پار مسلسل دوسرے روز بھی خراب موسمی صورتحال کے چلتے سرینگر سمیت وادی کے میدانی علاقوں میں موسلادار بارشیں جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری ہوئی ۔ سوموارسے وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں بارشیں وقفے وقفے سے جاری رہنے کے نتیجے میں جہاں لوگوں میں کافی مایوسی پائی جا رہی ہے وہی معمول کی زندگی بھی متاثر رہی۔ تازہ برفباری اور بارشوں کے باعث سردی کی لہر نے پھر دستک دی ہے جس کے نتیجے میں لوگ گرم ملبوسات زیب تن کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔ اسی دوران تازہ برفباری اور بارشوں کے بعد سرینگر جمو ں شاہراہ اور تاریخی مغل شاہراہ سمیت نصف درجن شاہرایوں پر ٹریفک کی نقل و حمل بند کی گئی۔ ادھر محکمہ موسمیات نے آنے والے 24گھنٹوں تک بارشیں اور برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے لوگوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔ سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر میں امسال خراب موسمی صورتحال کا سلسلہ رہتے ہوئے مارچ کے مہینے میں بھی موسم نے سخت تیور دکھاتے ہوئے اہل وادی کو مشکلات میں مبتلا کیا ۔ کچھ دنوں کے خوشگوار موسم کے بعد محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق اتوار اور سوموار کی درمیانی رات سے وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو منگل کو دوسرے روز بھی جاری رہا ۔ سوموار کومحکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق وادی کے شمال و جنوب میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ ہوا جبکہ بالائی علاقوں خاص طور پر مشہور سیاحتی مرکز گلمرگ اور دیگر کئی مقامات پر تازہ برفباری ہونے کے علاوہ وادی کے بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری ہوئی ۔ سوموار کو دن بھر دن بھر وقفے وقفے سے بارشیں جاری رہنے کے نتیجے میں میں شہر سرینگر میں عام اور کاروباری زندگی پر اثر پڑا اورشہر کی سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے عام لوگوں کو عبور و مرور کے حوالے سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔وادی کے شمال و جنوب میں واقع دیگر اضلاع میں بھی تازہ بارشیں ہوئی ہے جبکہ شوپیان ،کپواڑہ اور دیگر کئی اضلاع کے میدانی علاقوں میں بھی ہلکی برفباری ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ۔کپوارہ،بارہمولہ ،بڈگام ،گاندربل ،پلوامہ ،اننت ناگ ،شوپیان اور کولگام سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ان تمام اضلاع کے میدانی علاقوں میںہلکی بارشیں ریکارڈ کی گئی ۔اس دوران سونہ مرگ،لداخ کے بیشتر علاقوں ، پہلگام ، مڑھل ، ٹیٹوال ، گریز ،زوجیلااور اوڑی کے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری کی اطلاعات ملی ہیں۔ پہلگام ،آڑو، چندن واڑی ،سونہ مرگ ،زوجیلا ، گگن گیر ،گنڈ ،یوسمرگ ،افروٹ ،سادھنا ٹاپ ،فرکیاں گلی ،میلیال ،مڑھل اور اس کے مضافاتی علاقوں میں اوسطاً ایک فٹ برفباری ریکارڈ کی گئی۔گلمرگ سے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ گلمرگ کی اونچی پہاڑیوں اور میدانوں میں تازہ برفباری سے سیاحوں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق گلمرگ میں گزشتہ شب کے دوران قریب ایک فٹ تازہ برف گری ہے جبکہ آس پاس کے اونچائی والے علاقوں میں اس سے بھی زیادہ برفباری ہوئی ہے۔ اْدھر جواہر ٹنل کے اْس پار پیر پنچال پہاڑی سلسلے کے ساتھ ساتھ بدھل راجوری ، گلبرگ، مہور، بھدرواہ،ڈوڈہ، کشتواڑ، چھاترو، مڑوا، دچھن اور بنی کے علاوہ ویشنو دیوی مندر کی مضافاتی پہاڑیوں پر تازہ برفباری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ مجموعی طور پر پوری وادی کے میدانی علاقوں میں بارشوں اور بالائی علاقوں میں برفباری کا تازہ سلسلے کے بیچ جہاں ایک طرف معمول کی زندگی بری طرح سے متاثر ہوئی، وہیں دوسری جانب رات کے کم سے کم درجہ حرارت میں بھاری اضافہ دیکھنے کو ملا۔ دریں اثناء محکمہ موسمیات نے بتایا کہ وادی میں آئندہ 24گھنٹوں تک مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور اس دوران بارشیں اور برفباری بھی ہوسکتی ہے ۔ ادھر تازہ بارشوں اور برفباری کے بعد سرینگر جموں شاہراہ کے کئی مقامات پر پسیاں گر آئی جس کے بعد شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بند کیا گیا تھا اور منگل کو مسلسل دوسرے روز بھی سرینگر جموں شاہراہ ٹریفک کی آمد رفت کیلئے بند ہی رہے ۔ ادھر محکمہ ٹریفک کے مطابق وادی میںمسلسل خراب موسمی صورتحال کے چلتے بدھ کو سرینگر جموں شاہراہ ٹریفک کی آمد رفت کیلئے بند رہے گی ۔ محکمہ ٹریفک کے مطابق کئی مقامات پر مسلسل پسیاں اور پتھر گر آنے کے نتیجے میں شاہرا ہ کو بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ہے ۔

Comments are closed.