کوروناوائرس کی دوسری ڈوز کی مدت میں اضافہ کردیا گیا
دوسری ڈوز اب 4ہفتوں کے بجائے 8ہفتے کردی گئی ہے
سرینگر /22مارچ: بھارت میں کوروناوائرس کے معاملات میں تیزی کے بعد سرکار نے فیصلہ لیا ہے کہ وائرس مخالف ویکسین کے دوسرے ڈوز کی مدت بڑھائی جائے اور اب چار ہفتوں کے بجائے آٹھ ہفتوں کے بعد دوسری ڈوز دی جائے گی ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق ہندوستان میں کورونا وائرس کے بڑھتے قہر کے ساتھ ہی ٹیکہ کاری مہم بھی کافی تیزی سے چل رہی ہے۔ ملک میں اب تک ساڑھے چار کروڑ سے زیادہ کورونا ویکسین کی ڈوز دی جاچکی ہے۔ اسی درمیان مرکزی حکومت کی جانب سے پیر کو سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کو کووی شیلڈ کو لے کر ایک اہم ہدایت دی گئی ہے۔سرکار کا کہنا ہے کہ اب کووی شیلڈ کی پہلی اور دوسری ڈوز کے درمیان کے فرق کو بڑھا دیا گیا ہے۔ اس فرق کو اب کم سے کم چھ سے آٹھ ہفتے کردیا گیا ہے۔ اس سے پہلے کووی شیلڈ کی دوسری ڈوز کو چار سے چھ ہفتے میں دیا جاتا تھا۔ ویکسین پر نیشنل ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ آن امیونائزیشن اور نیشنل ایکسپرٹ گروپ کے مشورہ کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ سرکار کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ صرف کووی شیلڈ کیلئے کیا گیا ہے۔ کوویکسین پر یہ لاگو نہیں ہوگا۔ملک میں جان لیوا اور مہلک ترین عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ۔19) کے کیسزمیں تشویشناک اضافہ جاری ہے۔ یومیہ کیسز میں یہ اضافہ گزشتہ ہفتہ سے دس دنوں کے درمیان انتہائی سرعت کے ساتھ ہوا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں تقریباً 47 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور دو سو سے زیادہ افراد کی موت ہوئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 46951 نئے کیسز درج کئے گئے ، جبکہ اتوار کے روز یہ تعداد 43846 ، ہفتے کے روز 40953 اور جمعہ کو 39726 تھی۔اسی عرصے میں کورونا وائرس سے مرنے والے افراد کی تعداد 212 ریکارڈ کی گئی ہے۔ یہ تعداد اتوار کے روز 197 ، ہفتہ کے روز188 ، جمعہ کے روز 154 ، جمعرات کے روز 172 ، بدھ کے روز 181 ، منگل کے روز 131 درج کی گئی تھی۔ دریں اثنا ملک میں اب تک 40 لاکھ 65 ہزار سے زائد افراد کو اینٹی کورونا ویکسین دیئے جاچکے ہیں۔
Comments are closed.