قاضی گنڈ میں سڑک حادثے میں ٹریفک آفیسر اہلکار لقمہ اجل ؛ بانہال میں تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائکل سوار کو کچل ڈالا

سرینگر/18مارچ: بونی گام قاضی گنڈ میں سڑک کے ایک حادثے میں ٹریفک پولیس کا ایک سب انسپکٹر ہلاک ہوا ہے ۔ پولیس نے اس سلسلے میںفرار ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرکے ٹرک کو ضبط کرلیا ہے ۔ادھر بانہال علاقے میں ایک تیز رفتار ٹرک نے ایک موٹر سائل کو ٹکر ماری جس کی وجہ سے بائیک سوار موقعے پر ہی از جان ہوا۔ کرنٹ نیو زآف انڈیا کے مطابق جنوبی کشمیر کے قاضی گنڈ کے علاقے بونی گام کراسنگ پر آج صبح ایک تیز رفتار ٹرک نے ٹریفک پولیس کے ایک آفیسر کو کچل کر ہلاک کردیا ہے ۔ پولیس ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ایک نامعلوم ٹرک نے ٹریفک پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد شفیع بٹ ولد محمد رمضان بٹ ساکن شانگس نوگام اننت ناگ کو زور دار ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں مذکورہ آفیسر موقعے پر ہی لقمہ اجل بن گیا ۔ اس دوران پولیس نے ٹریک کی تلاش شروع کرنے کے دوران قاضی گنڈ میں ٹریفک روک دیا جہاں چملا قاضی گنڈ میں ایک مشکوک ٹرک کو ضبط کرلیا گیا ۔ اس دوران کافی مشقت کے بعد پولیس نے مفرور ٹرک ڈرائیور کو بھی گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی جس کی شناخت جاوید احمد بٹ ولد غلام نبی بٹ ساکن سنگرامہ سوپور کے بطور ہوئی ہے ۔ پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 51/2021 U/S 304 IPC پولیس سٹیشن قاضی گنڈ میں درج کرکے مزید چھان بین شروع کردی ہے۔ادھر سرینگر جموں شاہراہ پر واقع بانہال کے رتن باس علاقے میں جمعرات کوایک ٹرک نے ایک موٹر سائیکل کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پرسوار نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔مذکورہ نوجوان کی شناخت 20سالہ عابد احمد لون ولد عبد السلام لون ساکن تانترے پورہ،ڈولیگام بانہال کے طور ہوئی ہے۔ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل کو اپنی زد میں لانے کے بعد ٹرک کا ڈرائیور گاڑی چھوڑ کرجائے واقعہ سے فرار ہوگیا اور اس کی تلاش کی جارہی ہے۔اس دوران پولیس نے ٹرک کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

Comments are closed.