ایشیا کے سب سے بڑے باغ ’’ باغ گل لالہ کو کھولنے کیلئے تیاریاںجاری
رواں برس جدید ترین سہولیات سے لیس کیا گیا ، باغ میںامسال لاکھوں قسم کے پودے لگائیں گئے ۔
سرینگر/09مارچ: جموں کشمیر کی گرمائی راجدھانی سرینگر میں سیاحوں کی تفریح کے مرکز شہرہ آفاق ڈل جھیل کے کناروں اور دلکش زبرون پہاڑی سلسلے کے دامن میں واقع ایشیا کے سب سے بڑے ٹیولپ گارڈن (باغ گل لالہ )ممکنہ طور پر20،ارچ کو سیاحوں اور عام لوگوں کے لئے کھول دیا جائے گا۔ جس میں مختلف نوعیت کے رنگا رنگ پروگرام منعقد ہوں گے۔جبکہ رواں برس باغ گلہ لالہ کو جدید ترین سہولیات سے لیس کیا جارہا ہے ۔ باغ میں روشنی کے انتظام کیلئے جدید لائٹیں نصب کی گئیں ہیں جبکہ سیاحوں کیلئے دیگر اقسام کی سہولیات بھی بہم رکھی جارہی ہے ۔سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر میں سیاحتی سرگرمیوںکو فروغ دینے کیلئے محکمہ سیاحت متحرک عمل ہے ۔ سیاحت کو فروغ دینے کیلئے سیاحوں اور مقامی لوگوں کے لئے کھولے جانے والے باغ گل لالہ میں امسال 48 اقسام کے 15 لاکھ گل لالہ اگائے گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ باغ سیاحوں کی سیر وتفریح کے لئے قریب ایک ماہ تک کھلا رکھا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ ہمیں توقع ہے کہ امسال ملکی اور غیرملکی سیاحوں کی بڑی تعداد ایشیا کے اس سب سے بڑے باغ گل لالہ کی سیر کے لئے آئیں گے۔باغ کھلا رہنے کے دوران وادی کی دستکاری مصنوعات اور پکوانوں پر سٹال لگائے جائیں گے‘۔باغ گل لالہ 30 ہیکٹر (602 کنال) رقبے پر پھیلے اس باغ گل لالہ میں ٹیولپ کے ہزاروں پودوں پر رنگ بہ رنگی پھولوں کو کھل اٹھے ہیں۔’باغ گل لالہ میں سرخ، پیلے ، سنتری، جامنی، سفید، گلابی، طوطے ، پیلے، دو رنگی اور سہ رنگی پھولوں نے پہلے ہی چاروں اطراف دھنک کے رنگوں کے دلکش نظارے بکھیردیے ہیں‘۔یاد رہے کہ اس مشہور باغ گل لالہ کا افتتاح یو پی اے چیرپرسن اور کانگریس صدر سونیا گاندھی نے 29 مارچ 2008 کو انجام دیا تھا۔ یہ باغ جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد کے ذہن کی پیداوار ہے جنہوں نے اس پر سنہ 2005 میں کام شروع کروایا تھا۔ کشمیر میں باغ گل لالہ کے قیام کی بدولت یہاں سیاحتی سیزن میں دو ماہ کا اضافہ ہوگیا ہے۔ جہاں سال 2008 سے قبل سیاح مئی کے آخری ہفتے سے وادی کا رخ کرنا شروع کرتے تھے وہیں اب اپریل سے ہی سیاح کشمیر وارد ہوتے ہیں۔ باغ گل لالہ کو سجانے میں مصروف محکمہ پھولبانی کے اہلکاروں نے بتایا ’ہمیں امید ہے کہ اس سال ریکارڈ تعداد میں سیاح ایشیا کے اس سب سے بڑے باغ گل لالہ کی سیر کرنے کی غرض سے وادی کا رخ کریں گے‘۔ سال 2014 میں جب یہ باغ سیاحوں کے لئے کھول دیا گیا تھا تو صرف پہلے سات دنوں کے دوران 40 ہزار سے زیادہ سیاحوں نے اس باغ کی سیر کی تھی۔ گذشتہ 10برسوں میں اس بات کا مشاہدہ کیا گیا کہ ہندوستان کے مختلف کونوں اور غیر ملکی سیاحوں کے علاوہ مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے باغ گل لالہ دیکھنے میں دلچسپی دکھائی۔ اس مختصر عرصے کے دوران اس باغ میں جنوبی ہندوستان کی فلم انڈسٹری اور بالی وڈ کی کئی فلموں کے نغمے فلمائے گئے۔ محکمہ پھولبانی کے اہلکاروں نے بتایا ’ یہ باغ 30 ہیکٹر (602 کنال) رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ اس میں سے 18 ہیکٹر کو سیاحوں کی دلچسپی کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ جبکہ 124 کنال زمین پر ٹیولپ بیڈ بنائے جاتے ہیں۔ اور باقی اراضی پر پارکیں بنائی گئی ہیں۔
Comments are closed.