سرحد پر درانداز کو ہلاک کرنے کا بی ایس ایف کا دعویٰ ؛ ریاسی میں جنگجوئوں کی کمین گاہ تباہ ، اسلحہ بر آمد ، لشکر کا معاون کارکن گرفتار
سرینگر/06مارچ/سی این آئی// سرحدی حفاظتی فورسز نے ہفتہ کے روز ایک پاکستانی درانداز کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو مبینہ طو ر پر سرحد کے اس پار آنے کی کوشش کررہا تھا جس دوران اگرچہ اس کو رُکنے کا اشارہ کیا گیا لیکن درانداز نے وارنگ سنی ان سنی کردی ۔ادھر مہوری ریاسی میں سیکورٹی فورسز نے جنگجوئوں کی کمین گاہ کو تباہ کرکے معاون کارکن کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ۔ سی این آئی کے مطابق سرحدی حفاظتی فورس نے دعویٰ کیا ہے کہ بی ایس ایف نے راجستھان میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحد کے قریب ایک پاکستانی درانداز کو ہلاک کیا ہے ۔ بی ایس ایف کے مطابق درانداز جو سرحد عبور کرکے اس طرف آنے کی کوشش کررہا تھا کو رُکنے کا اشارہ کیا گیا تاہم درانداز نے اسے نظر انداز کیا جس کی وجہ سے فورسز اہلکار اس پر گولی چلانے پر مجبور ہوئے ۔ ادھر پولیس کے مطابق سیکورٹی فورسز اور جموں کشمیر پولیس نے مشترکہ کارورائی کے دوران مہور ریاسی میں عسکریت پسندوں کی ایک کمین گاہ کو تباہ کیا جس دوران کمین گاہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود ضبط کر لیا گیا ۔ پولیس کے مطابق اس دوران ایک معاون کارکن کو بھی حراست میں لیا گیا جو عسکری تنظیم لشکر طیبہ کیلئے کام کر رہا تھا اور ان کیلئے اسلحہ سپلائی کر تا تھا ۔
Comments are closed.