قصبہ سوپور میں نقب زنی کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ؛ اقبال مارکیٹ میں رواں ماہ کے دوران چار مرتبہ نقب زنی

سرینگر /27فروری / کے پی ایس : شمالی قصبہ سوپور میں عرصہ دراز سے یکے بعد دیگرے نقب زنی کی واردات پیش آنے کا سلسلہ عرصہ دراز سے جاری ہے ۔اس سلسلے میں اقبال مارکیٹ سوپور کے دکانداروں نے کشمیر پریس سروس کو بتایا کہ مذکورہ قصبہ میں کئی برسوں سے نقب زنی کے بے شمار معاملات پیش آئے لیکن پولیس اور سیول انتظامیہ خاموش تماشائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ رواں ماہ کے دوران اقبال مارکیٹ میں چار مرتبہ نقب زنوں نے نقب لگاکر مختلف دکانوں سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان اڑالیا ۔انہوں نے کہا کہ 26اور 27فروری کی درمیانی شب کو نقب زنوں نے مذکورہ مارکیٹ میں ایک بار پھر نقب لگاکر لاکھوں روپے مالیت کا سامان اڑا لیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس کو نقب زنی کی واردات کے حوالے سے مطلع کیا لیکن پولیس ٹس سے مس نہیں ہوا ۔انہوں نے کہا کہ اس واردات کے سلسلے میں نامعلوم وجوہات کی بناء پر کوئی ایف آئی آردرج نہیں کیا ۔انہوں نے کہا کہ نقب زنی کے بارے میں پولیس کی ہمیشہ ناقص کارکردگی رہی ہے اور نقب زنوں کا قافیہ حیات تنگ کرنے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جاتی ہے ۔جس کے نتیجے مذکورہ مارکیٹ کے دکاندار عدم تحفظ کے شکار ہوئے ہیں اور ان کا مال وجان غیر محفوظ ہے ۔اس سلسلے میں انہوں نے مقامی سیول انتظامیہ اور پولیس حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے مال وجان کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے نقب زنوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں ۔تاکہ آئندہ ایسی واردات پیش نہیں آئیں گی ۔

Comments are closed.