بی جے پی لیڈر سے 10لاکھ روپے مالیت کی کوکین برآمد؛ تین لیڈران گرفتار ،مزید لیڈروں کی گرفتاری متوقع ، پولیس محو تفتیش
سرینگر/25فروری/سی این آئی// بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈران کو منشیات کی سمگلنگ کے سلسلے میں کوکلتہ پولیس نے گرفتار کرلیا ہے جبکہ پولیس نے بی جے پی خاتون لیڈر پمیلا سے دس لاکھ روپے مالیت کی کوکین ضبط کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے ۔ کرنٹ نیو زآف انڈیا مانیٹرنگ کے مطابق انڈیا میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو اپنے تین رہنماؤں کو منشیات کی سمگلنگ اور فروخت کے الزامات میں گرفتاری سے سبکی اٹھانی پڑی ہے تاہم پارٹی رہنماؤں نے اسے ایک سیاسی سازش قرار دیا ہے۔انڈیا کی مشرقی ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکتہ میں پولیس نے چند روز پہلے شہر سے بی جے پی کے یوتھ فرنٹ کی رہنما اور سابق ماڈل پیمیلا گوسوامی کو کوکین کی بڑی مقدار کے ساتھ گرفتار کیا ہے۔پیمیلا کو ان کے ایک دوست پربیر کمار اور ان کے ذاتی سکیورٹی گارڈ کے ساتھ جمعے کو کولکتہ کے نیو علی پور علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق مبینہ طور پر پیمیلا کے بیگ اور کار سے 10 لاکھ روپے مالیت کی کوکین برآمد کی گئی ہے۔پیمیلا نے اس کے بعد ایک مقامی عدالت میں پیشی کے دوران الزام لگایا کہ اْنھیں ان کی اپنی ہی پارٹی کے رہنما راکیش سنگھ نے پھنسایا اور اپنے آدمیوں سے کوکین ان کی کار میں رکھوائی۔مغربی بنگال کی سیاست میں پیمیلا کا نام بھلے ہی زیادہ لوگ نہ جانتے ہوں تاہم بی جے پی میں وہ کسی تعریف کی محتاج نہیں۔ اْنھوں نے سنہ 2019 میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔ ان کے ساتھ ٹالی وڈ (بنگالی سنیما) کی ایک اور اداکارہ رِمجھِم مترا بھی بی جے پی میں شامل ہوئی تھیں۔پیمیلا اداکاری کے ساتھ ساتھ ماڈلنگ بھی کر چکی ہیں۔ اْنھوں نے کولکتہ کے ایک مشہور کالج سے بزنس ایڈمِنِسٹریشن میں ڈگری حاصل کی ہے۔ وہ ہندی اور بنگالی کے علاوہ فرینچ بھی بولتی ہیں۔بی جے پی میں شامل ہونے سے پہلے پیمیلا کولکتہ کے علاوہ دلی اور پونے میں مختلف نوکریاں کر چکی ہیں۔ اْنھوں نے ایک ایئرلائن کے ساتھ بھی کام کیا ہے۔سنہ 2019 میں بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد اگلے سال ان کو یوا مورچے یعنی نوجوانوں کے شعبے کا سربراہ بنا دیا گیا تھا۔ اس کے بعد سے وہ پارٹی کی تمام تقریبات میں بڑے بڑے رہنماؤں کے ساتھ شرکت کرتی آئی ہیں۔پیمیلا نے اس کے بعد ایک مقامی عدالت میں پیشی کے دوران الزام لگایا کہ اْنھیں ان کی پارٹی کے ہی رہنما راکیش سنگھ نے پھنسایا ہے۔پیمیلا نے الزام عائد کیا کہ راکیش سنگھ نے ہی اپنے آدمیوں سے کوکین ان کی کار میں رکھوائی تھی۔ اْنھوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ اس معاملے کی تفتیش سی بی آئی سے کروائی جائے۔پیمیلا کے بیان کی بنیاد پر منگل کی رات کو پولیس نے بی جے پی کے رہنما راکیش سنگھ کو بھی مغربی بنگال سے فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کر لیا تھا۔اس سے پہلے منگل کے روز جب پولیس راکیش سنگھ کے گھر پہنچی تھی تو وہاں پولیس کارروائی میں خلل ڈالنے کے الزام میں ان کے دونوں بیٹوں سوہم اور صاحب سنگھ کو بھی گرفتار کر لیا گیا تھا۔کولکتہ پولیس نے پیمیلا کے والد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیمیلا کو نشے کی لت ہے۔کولکتہ پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ گذشتہ سال اپریل میں پیمیلا کے والد کی شکایت کے بعد سے پیمیلا اور ان کے دوست پربیر کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جا رہی تھی۔پیمیلا کے والد کوشک گوسوامی نے الزام عائد کیا ہے کہ پیمیلا کو نشے کی لت پربیر نے لگائی ہے۔ریاست مغربی بنگال میں حکومتی جماعت ترینمول کانگریس نے کہا ہے کہ اس سب سے بی جے پی کا اصل چہرہ سامنے آ گیا ہے۔تاہم بی جے پی اسے ایک سیاسی سازش اور بدلے کی سیاست قرار دے رہی ہے۔
Comments are closed.