بارہمولہ میںنوکریوں کا جھانسہ دینے والے گروہ کا پردہ چاک ؛ پولیس نے روپوش سرغنہ اوردیگرملزمان کی تلاش بڑے پیمانے پر تیزکر دی

بارہمولہ: :نوکریاں دلانے کی آڑمیں بے روزگاروں کودھوکہ دینے والے ایک منظم گروہ کوبے نقاب کرتے ہوئے بارہمولہ پولیس نے کیس درج کرکے گروہ کے روپوش سرغنہ اوردیگرملزمان کی تلاش بڑے پیمانے پرشروع کردی ہے ۔معلوم ہواکہ ضلع بارہمولہ کے تحصیل پٹن میں جعلسازوں کاایک گروہ بے روزگارافراد کوسرکاری ملازمت دلانے کی آڑمیں اُن سے رقومات اینٹھ رہاہے ۔بتایاجاتاہے کہ گزشتہ دنوں تیلہ گام پٹن کے رہنے والے ایک شخص نے پولیس تھانہ کریری پٹن میں یہ تحریری شکایت درج کرائی کہ وترگام کریری کے رہنے والے ایک جعلساز نے اُس کومحکمہ جنگلات میں ملازمت سے متعلق ایک جعلی آرڈر تھمادیا،شکایت کنندہ نے پولیس کوبتایاکہ ملزم نے سرکاری ملازمت دلانے کاجھانسہ دیکر اُسے رقم بھی اینٹھ لی ۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ تحریری شکایت کی بناء پرپولیس تھانہ کریری پٹن میں مذکورہ گروہ یانیٹ ورک کیخلاف ایف آئی آرزیرنمبر 10/2021تحت دفعات420،468اور471آئی پی سی کے تحت کیس درج کیاگیا ،اوراس معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ۔ذرائع کے مطابق تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آچکی ہے کہ ملزم جعلی ملازمت کا نیٹ ورک یا گروہ چلا رہا ہے اور اس نے سرکاری محکموں میں ملازمت دلانے کی آڑمیں کئی افراد سے بھاری رقوم جمعاینٹھ کر متعلقین کو دھوکہ دیا ہے۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ جعلسازوںکے اس گروہ کا مرکزی ملزم یاسرغنہ مفرور ہے اور پولیس اس کی تلاش میں ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ ابھی تک تین جعلی آرڈر ضبط کرلئے گئے ہیں۔اوراس معاملے کی تفتیش جاری ہے ۔پولیس ذرائع نے مزیدبتایاکہ گروہ کے روپوش سرغنہ سمیت اس نیٹ ورک میں شامل سبھی افرادکی گرفتاری جلد عمل میں لائی جائیگی اوراُن کیخلاف ثبوت وشواہد بھی جلداکٹھا کئے جائیں گے۔

Comments are closed.