اسمبلی انتخابات کے جلد انعقاد کی خواہش رکھنے والی سیاسی پارٹیاں حد بندی کمیشن کو تعاون فراہم کریں/ لیفٹنٹ گورنر سنہا

حد بندی عمل ختم ہونے کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن آف انڈیا انتخابات کیلئے تاریخ کا اعلان کرے گا

جموں کشمیر میں کسی بھی قیمت پر عسکریت کو بڑھنے نہیں دیا جائے گا ، سرینگر میںپولیس اہلکاروں کی ہلاکت افسوسناک

سرینگر/22فروری: جموں کشمیر میں جلد ہی اسمبلی انتخابات کے انعقاد کی خواہش رکھنے والی سیاسی پارٹیاں حد بندی کمیشن کو تعاون فراہم کریںکی بات کرتے ہوئے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ حد بندی عمل ختم ہونے کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن آف انڈیا جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کیلئے تاریخ کا اعلان کرے گا۔ اسی دوران لیفٹنٹ گورنر نے واضح کر دیا کہ جموں کشمیر میں کسی بھی قیمت پر عسکریت کو بڑھنے نہیں دیا جائے گا ۔ سی این آئی کے مطابق جموں کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ جو سیاسی پارٹیاں جلد اسمبلی انتخابات کا مطالبہ کرتی ہیں اْنہیں حد بندی کمیشن کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے تاکہ مذکورہ انتخابات نئی حد بندی پوری ہوتے ہی منعقد کرائے جاسکیں۔جموں میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے لیفٹنٹ گورنر منو ج سنہا نے کہا’’جو سیاسی جماعتیں فوری اسمبلی انتخابات کا مطالبہ کرتی ہیں اْنہیں حد بندی کمیشن سے تعاون کرکے فوری طور اس عمل کو مکمل کرنا چاہئے تاکہ انتخابات جلد سے جلد منعقد کرانے کی راہ ہموار ہو‘‘۔انہوں نے کہا کہ حد بندی کمیشن کی تنقید اور اس سے دور رہنے کے بجائے حد بندی کے عمل کو مکمل کیا جانا چاہئے تاکہ جلد انتخابات منعقد کرائے جاسکیں۔لیفٹنٹ گورنر کا کہنا تھا’’جونہی حد بندی کا عمل مکمل ہوگا تو الیکشن کمیشن آف انڈیا صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد الیکشن کیلئے تاریخ کا اعلان کرے گا‘‘۔بڑھتی عسکری سرگرمیوں کے بارے میںپوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں منوج سنہا نے کہا کہ عسکریت کو کسی بھی صورت میں بڑھنے نہیں دیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ سرینگر میں تشدد کے دو واقعات پیش آئے جن میں سے ایک معاملے کو جلد ہی حل کرکے تین ملوثین کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا ۔ لیفٹنٹ گورنر نے کہا کہ دوسرے واقعہ میں دو پولیس اہلکار جو بنا ہتھیار کے تھے مارے گئے اور میں اس کی سخت مذمت کرتا ہوں۔ انہوںنے کہا کہ میںبس ایک بات بتانا چاہتا ہوں کہ عسکریت کو بڑھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس کا خاتمہ کیا جائے گا ۔ پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی کی جانب سے بات چیت کی وکالت کے بار ے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں لیفٹنٹ گورنر نے کہا کہ مرکزی وزرات خارجہ ان معاملات کا از خود جائیز ہ لیگی ۔

Comments are closed.