دیور لولاب میں بجلی کی آنکھ مچولی ،لوگوں کیلئے باعث ستم ؛ محکمہ پی ڈی ڈی کے تعینات ملازمین کی من مانیوں کا نتیجہ

سرینگر /11فروری / کے پی ایس : شمالی کشمیر وادی لولاب کے علاقہ دیور میں بجلی کی آنکھ مچولی سے لوگوں کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے ۔اس سلسلے میں مقامی لوگوں نے کشمیر پریس سروس کو بتا یا کہ مذکورہ علاقہ ک پوری بستی بجلی کے حوالے سے نالاں وپریشان ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ محکمہ پی ڈی ڈی نے بجلی فراہمی کیلئے شیڈول ترتیب دیا ہے لیکن گرڈ اسٹیشن کروسن پر تعینات مقامی ملازمین اپنی من مانی سے بجلی کٹوتی کرکے لوگوں پر ستم ڈھاتے رہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ علاقہ میں ہر دس منٹ کے بعد بجلی غائب ہوجاتی ہے اور پھر ایک آدھ گھنٹے تک بجلی کا کہیں نام ونشان ہی نہیں ہوتاہے۔انہوں نے کہا کہ صارفین فیس کی ادائیگی میں کسی قسم کی لاپرواہی نہیں برتتے ہیں اور اگر کسی کو بھول چوک بھی ہوتی ہے تو محکمہ کے ملازمین وافسران فیس کی ادائیگی کیلئے متحرک ہوجاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ فیس کی ادائیگی صارفین کیلئے امر لازم ہے تاہم بجلی کی معقول فراہمی محکمہ کی ذمہ داری ہے ۔اس سلسلے میں انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ علاقہ میں مرتب شدہ شیڈول کے مطابق بغیر کٹوتی کے بجلی فراہمی کویقینی بنایاجائے اور گرڈ اسٹیشن پر تعینات ملازمین کو جوابدہ بنایاجائے تاکہ لوگوں کے مشکلات کا ازالہ ہوسکے ۔

Comments are closed.