تازہ برفباری کے باعث شبانہ درجہ حرارت میں بہتری ؛ دس رو ز بعد نلوں میں پانی سپلائی بحال ہونے سے لوگوںکی خوشی کا ٹھکانہ نہ رہا

سرینگر/04 فروری: تازہ برفباری کے باعث شبانہ درجہ حرارت میں بہتری کے ساتھ ہی وادی کشمیر میں منجمند نلوں میںپانی سپلائی بحال ہونے لگی جس کے نتیجے میں لوگوں نے راحت کی سانس لی ۔ سی این آئی کے مطابق چلہ کلان میں مسلسل شبانہ درجہ حرارت نقطہ مجمند سے نیچے رہنے اور ریکارڈ توڑ سردیوں کے باعث آبی ذخائر اور گھروں میں تمام نل منجمند ہوئے تھے جس کے باعث پانی کی کافی قلت محسوس ہو ئی تھی جبکہ گزشتہ دس روز میں کچھ علاقوں میںلوگوں کو صبح کے اوقات چہرہ دھونے کیلئے بھی پانی دستیاب نہیں تھا ۔ چلہ خورد میں دو مرتبہ برفباری کے نتیجے میں شبانہ درجہ حرارت میں بہتری ریکارڈ ہوئی جس کے ساتھ ہی آبی ذخائر بھی پگھلنے لگے جبکہ نلوں میں بھی پانی کی سپلائی بحال ہونے لگی جس کے نتیجے میں لوگوں نے راحت کی سانس لی ۔ ایک شہری فاروق احمد نے سی این آئی کو بتایا کہ منگل اور بدھ کو ہوئی برفباری کے نتیجے میںجہاں درجہ حرارت میں بہتری ریکارڈ کی گئی اور لوگوں کو شدید ٹھنڈ سے راحت نصیب ہوئی وہیں گزشتہ دس دنوں سے منجمند پانی کی نلیں بھی کھلنے لگی اور ان میںپانی کی سپلائی بحال ہونے کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کی صبح سے ہی بیشتر نلوں میںپانی کی سپلائی بحال ہوئی جس کے نتیجے میں کافی راحت نصیب ہوئی کیونکہ پچھلے دس روز میں پانی کی کافی قلت محسوس ہو رہی تھی ۔ ایک اور شہری نے بتایا کہ بدھ کی رات دیر سے ہی نلوں میںپانی سپلائی بحال ہونے لگی اور دس روز بعد جب انہوں نے نلوں میںپانی کی سپلائی بحال ہوتے دیکھی تو ان کی خوشی کا ٹھکانہ ہی نہ رہا ۔

Comments are closed.