بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف شمال وجنوب میں احتجاجی مظاہرے

بجلی فیس میں اضافہ کرنے کے باوجود بجلی فراہم نہ کرنے پر لوگ انتہائی برہم

سرینگر/یکم فروری/سی این آئی// بجلی بریک ڈاؤن کے خلاف سوموار کے روز شمال و جنوب کے ساتھ ساتھ وسطی کشمیر میں صارفین نے درجنوں مقامات پر سڑکوں پر نکل کر احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ایک طرف صارفین سے وقت پر فیس وصول کیا جاتا ہے تو دوسری جانب بجلی کی سپلائی کے حوالے سے لیت ولعل کا مظاہرہ کیا جاتا ہے۔درجنوں مقامات پر احتجاجی مظاہرین نے محکمہ بجلی کے خلاف شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہفتوں گذر جانے کے باوجود بھی صارفین کو محکمہ کی جانب سے مرتب شدہ شیڈول کے مطابق برقی رو کی سپلائی فراہم نہیں کی جاتی جس کے نتیجے میں سردیوں کے ان ایام کے دوران اہلیان کشمیر کو سخت ترین ذہنی کوفت کا سامنا ہے ۔سی این آئی کے مطابق موسم سرما کے دوران لوڈ شیدنگ کے نتیجے میں شہر ودیہات میں لوگ نہ صرف ذہنی کوفت کے شکار ہورہے ہیں بلکہ انہیں طرح طرح کی مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔موسم سرما کے دوران برقی رو نے بحرانی صورتحال اختیار کی جس کے نتیجے میں شہر ودیہات میں لوگ سڑکوں پر نکل کر محکمہ بجلی اور ریاستی انتظامیہ کے خلاف اپنی ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں ۔سی این آئی نمائندوں نے جو تفصیلات دی ہیں ان کے مطابق لوگوں نے کئی مقامات پر سڑکوں پر نکل کر احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے کئی گھنٹوں تک تریفک کی نقل وحرکت مسدود کرکے رکھ دی ۔لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے احتجاجی مطاہرے کرتے ہوئے الزام لگایا کہ علاقے میں بجلی کی عدم دستیابی اب ایک معمول بن چکا ہے۔احتجاجی مظاہروں کا کہنا تھا کہ بجلی کب آئے گی اور کب جائے گی اس کے بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہی ہوگا کیونکہ بجلی کی آنکھ مچولی کا کھیل ہر گذرتے دن کے ساتھ سنگین رخ اختیار کرتا جارہا ہے ۔صارفین کا کہنا تھا کہ اگرچہ وقت پر فیس کی ادائیگی کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود انہیں برقی رو سے محروم رکھا جارہا ہے۔صارفین کا کہنا تھا کہ محکمہ بجلی اور انتظامیہ انہیں ناکردہ گناہوں کی سزا دے رہی ہے اور یہ کہ بجلی کی سپلائی کے حوالے سے لیت و لعل کا مظاہرہ کیا جاتا ہے جس کے نتیجے میں انہیں مجبوراََ سڑکوں پر آنا پڑتا ہے ۔ادھر سرحدی ضلع کپوارہ کے وادی لولاب میں درجنوں دیہات برقی رو کی عدم دستیابی کے نتیجے میں مشکلات کا سامناکررہے ہیں۔ اس صورتحال پر مقامی لوگوںنے محکمہ بجلی کے خلاف سخت برہمی کااظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ صارفین کو شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کرنے میں ناکام ہوچکا ہے ۔کرنٹ نیوزآف انڈیاکے مطابق سرحدی ضلع کپوارہ کے وادی لولاب کے درجنوںعلاقے بجلی کی عدم دستیابی کا سامنا کررہے ہیں اور شام ہوتے ہی ہر سو اندھیرا پھیل جاتا ہے ۔ مقامی لوگوںنے کہا ہے کہ محکمہ بجلی صارفین کو بجلی فیس اداکرنے کے باوجود بھی بجلی شیڈول کے مطابق فراہم نہیں کررہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ متعدد دیہات جن میں انور آباد، کھرہامہ،ورنو اور کاویری شامل ہیں میں چوبیس گھنٹوں میں محض چار گھنٹے بجلی دستیاب رکھی جاتی ہے وہ بھی ہرآدھے گھنٹے بعد بجلی کاٹ دی جاتی ہے اور یہ سلسلہ دن رات چالو رہتا ہے ۔ مقامی لوگوںنے محکمہ بجلی کے خلاف سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے محکمہ لوگوںکو بجلی فراہم کرنے میں ناکام ہوچکا ہے اور شیڈول کے مطابق بھی علاقوں کو بجلی فراہم نہیں ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر محکمہ علاقوںکو معقول بجلی فراہم نہیںکرے گا تو وہ سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیں گے ۔

Comments are closed.