تنازعہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ قرار دادوں میں مضمر /عمران خان

پاکستان میں وسائل کی کوئی کمی نہیں، ہم اپنی غلطیوں اور سستی کی وجہ سے پیچھے رہ گئے

سرینگر/28جنوری/سی این آئی// تنازعہ کشمیر کے حل پر ایک مرتبہ پھر زور دیتے ہوئے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے واضح کیا ہے کہ کشمیر حل صرف اقوام متحدہ کی قرار داروں میں مضمر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں وسائل کی کوئی کمی نہیں، ہم اپنی غلطیوں اور سستی کی وجہ سے پیچھے رہ گئے ہیں۔سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق میانوالی میں یونیورسٹی میںکنوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ طلبہ کے والدین کے چہروں پر خاص خوشیاں دیکھ رہا ہوں، طلبا سے زیادہ والدین کے چہروں پرخوشی ہے، دیہاتی علاقے میں پرائیویٹ یونیورسٹی کے بارے کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا، اتنے دور دراز علاقے میں یونیورسٹی قائم کرنا مشکل ہوتاہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کامیابی اسے دیتا ہے جو محنت کرتا ہے، پاکستان میں وسائل کی کوئی کمی نہیں، ہم اپنی غلطیوں اور سستی کی وجہ سے پیچھے رہ گئے ہیں جو سرمایہ کار کرپشن کی وجہ سے ملک چھوڑ کر گئے تھے، وہ سب واپس آرہے ہیں اور اب ہمارا ملک اٹھ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی دوسرے کلچر کو اپنانے والے غلام ذہن بن جاتے ہیں، علامہ اقبال کی شاعری کو پڑھیں تو ایسے لگتا ہے وہ آج بھی ہم سے بات کررہے ہیں۔اسی دوران تنازعہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا تنازع تشدد سے نہیں صرف مذاکرات سے حل ہوگا، سلامتی کونسل حق خود ارادیت دینے کے وعدے پر عمل کرے۔انہوں نے کہا کہ کشمیرمیں بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھائیں گے، سلامتی کونسل کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرائے۔عمران خان نے کہا کہ کشمیریوں کو اپنا مستقبل خود طے کرنے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جمہوریت میں میرٹ ہوتا ہے بادشاہت میں نہیں، حکمرانوں سے ان کے مال کے بارے میں پوچھنے سے جمہوریت خطرے میں نہیں پڑتی، نواز شریف کو ایک آمر نے وزیراعلیٰ بنایا جب کہ دوسری طرف باپ بیٹا کاغذ پکڑ کر کہتے ہیں کہ سیاست اور پارٹی وارثت میں مل گئی ہے تاہم پاکستان کا جو بھی لیڈر ہوگا وہ عوام کے سامنے جوابدہ ہوگا۔پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے طلبا کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پیسا بنانا زندگی کا مقصد نہ رکھیں، جن لوگوں نے پیسے کو زندگی کا مقصد بنایا ان کو آپ خوش نہیں دیکھیں گے، دوسرے انسانوں کی بہتری کے لیے کام کرنا اللہ کوپسند ہے۔

Comments are closed.