کووےڈ19:ماڈرنا کی ویکسین کے استعمال سے پہلے؛ ڈبلیوایچ او کی سفارشات ملاحظہ کیجیے!ماہرین کی عوام سے اپیل

سرینگر/27جنوری: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ماہرین کے پینل نے امریکا کی دوا ساز کمپنی ماڈرنا کی تیارکردہ کووِڈ-19 کی ویکسین لگوانے والوں کوتجویزکیا ہے کہ وہ پہلی اور دوسری خوراک کے درمیان 28 روز کا وقفہ رکھیں۔البتہ غیر معمولی حالات میں یہ وقفہ 42 روز تک بھی کیا جاسکتا ہے۔سی این آئی مانیٹر نگ کے مطابق ڈبلیو ایچ او کے ماہرین کے تزویراتی مشاورتی گروپ برائے ویکسنیشن (المعروف سیج) نے ماڈرنا کی ویکسین سے متعلق کئی ایک سفارشات پیش کی ہیں۔اس سے پہلے اس نے ماڈرنا کی مسابقتی کمپنی فائزر کی ویکسین کے بارے میں بھی اپنی سفارشات جاری کی تھیں۔آزاد ماہرین کے پینل نے ماڈرنا کے ڈیٹا کے جائزے کے بعد سفارش کی ہے کہ اس کی ویکسین کو حاملہ خواتین پر استعمال نہ کیا جائے۔ الّا یہ کہ وہ ہیلتھ ورکرہوں یا ان کی میڈیکل صورت حال خطرے سے دوچار ہورہی ہوتو انھیں یہ ویکسین لگائی جاسکتی ہے۔اس پینل کے سربراہ الجاندرو کراوی اوٹو نے جنیوا میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے نیوز بریفنگ میں کہا ہے کہ ”اس ویکسین کے استعمال سے متعلق مرکزی اہمیت کی حامل سفارش یہ ہے کہ اس کی 100مائیکرو گرام یا 0۰5 ملی گرام کی خوراک 28 دن کے وقفے سے دی جائے۔“انھوں نے میکسیکو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ”ویکسین کی پہلی اور دوسری خوراک کے درمیان وقفہ 42 روز تک کیا جاسکتا ہے لیکن جو شواہد ہمارے سامنے لائے گئے ہیں،ان کی روشنی میں اس سے زیادہ وقفے کی ضرورت نہیں ہے۔“ڈبلیو ایچ او کی ڈائریکٹر برائے ویکسی نیشن کیٹ او برائن کا کہنا تھا کہ حاملہ خواتین پر ماڈرنا کی ویکسین کی کلینکی جانچ کی ضرورت ہے۔انھوں نے کہا:”اس سوچ کا تو کوئی جواز نہیں کہ حمل میں کوئی مسئلہ ہوسکتا ہے۔ہم فی الوقت یہ تسلیم کررہے ہیں کہ اس معاملے پر کوئی ڈیٹا دستیاب نہیں ہے۔“انھوں نے بتایا کہ عالمی ادارہ صحت ماڈرنا کے پیش کردہ ڈیٹا کا جائزہ لے رہا ہے اور ویکسین کے ہنگامی استعمال سے متعلق درخواست پر ماڈرنا سے رابطے میں ہے۔اس ضمن میں بہت جلد کوئی فیصلہ کر لیا جائے گا۔

Comments are closed.