نانک نگر جموں میں اے ٹی ایم گارڈ کی ہلاکت کا معاملہ پولیس نے کیا حل
بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والے دو نوجوانوں نے ایم ٹی لوٹنے کی کوشش میں جرم انجام دیا / پولیس
سرینگر/22جنوری: جموں کے نانک نگر علاقے میں اے ٹی ایم گارڈ کی ہلاکت کا معاملہ 24گھنٹوں میں حل کرتے ہوئے جموں پولیس نے شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع سے تعلق رکھنے والے دو نوجوانوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جنہوں نے اے ٹی ایم لوٹنے کی غرض سے گارڈ کو موت کی گھاٹ اتار دیا ۔ ادھر اے ٹی ایم گارڈ کے لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ ملوثین کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے ۔ سی این آئی کے مطابق جموں کے نانک نگر علاقے میں جمعرات کی شام اے ٹی ایم گارڈ کو اے ٹی ایم چیمبر میں مردہ پایا گیا تھا۔مہلوک کی شناخت راجو شرما ولد گلو رام کا تعلق نیو پلاٹ جموں سے تھا۔ادھر اے ٹی ایم گارڈ کی ہلاکت کے بعد جموں پولیس نے معاملے کو کچھ ہی گھنٹوں میںحل کرتے ہوئے بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والے دو نوجوانوں کی گرفتاری عمل میںلائی جس کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے ہی اے ٹی ایم گارڈ کو قتل کر دیا ۔ اس ضمن میں ایس ایس پی جموں شریدھر پٹیل نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ قتل کے اس کیس میں بانڈی پورہ کے کیف لون اور وقاص لون نامی دو افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے جو اے ٹی ایم لوٹنے کی غرض سے گئے تھے لیکن گارڈ نے مزاحمت کی جس کے بعد دونوں نے اْسے قتل کیا۔ پولیس کے مطابق کیف اور وقاص جموں کے نانک نگر علاقے میں کرایہ کے کمرے میں رہتے تھے۔دونوں کو حراست میں لیکر کیس کی تحقیقات جاری ہے۔انہوںنے بتایا کہ دونوں نے تفتیش کے دوران اس بات کا اعتراف کیا کہ انہوں نے جرم کیا ہے ۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ دونوں سے تفتیش جاری ہے ۔ا دھر جمعہ کی اعلیٰ صبح مہلوک ایم ٹی ایم گارڈ کے لواحقین نے زور دار احتجاج کیا جس دوران انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملوثین کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے ۔
Comments are closed.