شدید ٹھنڈ کے باعث دو کمسن بچے لقمہ اجل ، دیور سر کولگام میں بکروال کنبے پر قیامت ٹوٹ پڑی

بکروال کنبہ نے رہائشی سہولیات کی پیشکش ٹھکرا کر کھلے آسمان تلے شدید ٹھنڈ میں زندگی بسر کر نے کو ترجیح دی تھی / انتظامیہ

سرینگر/18جنوری: جنوبی ضلع کولگام کے دیوسر مضافات میں سوموار کی صبح اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب شدید ٹھنڈ کے باعث بکروال گھرانے کے دو کمسن بچے لقمہ اجل بن گئے ۔ ادھر مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کنبے کو رہائش گاہ فراہم کی گئی تھیں تاہم انہوں نے پیشکش ٹھکرا دی ۔ سی این آئی کے مطابق کولگام کے برنل لامر دیوسر علاقے میں شدید ٹھنڈ کے باعث بکروال کنبے سے وابستہ دو کمسن بچوں کی موت واقع ہوئی ۔ نمائندے نے اس ضمن میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ریاسی سے تعلق رکھنے والے ایک بکرال کنبے نے علاقے میں کھلے آسمان تلے ٹینٹ نصب کیا تھا جس میں وہ رہائش پذیر تھے تاہم سنیچروار کی درمیانی رات کو شدید ٹھنڈ کی وجہ سے ٹینٹ میں موجود ایک کمسن بچہ لقمہ اجل بن گیا۔مذکورہ بچے کی شناخت10سالہ ساحل زبیر ولد زبیر احمد منڈھر ساکن ریاسی کے طور ہوئی ہے۔ جبکہ گذشتہ شب بھی مذکورہ گھرانے کی ایک6سالہ بچی شدید ٹھنڈ کی وجہ سے بے حد بیمار ہوگئی جس کی شناخت 6سالہ شازیہ جان کے طور ہوئی ہے۔ شازیہ کو نزدیکی اسپتال لیجانے کوشش کی گئی تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ بیٹھی۔شدید ٹھنڈ کے باعث بکروال کنبے میں دو کمسن بچوں کی موت کی خبر پھیلتے ہی علاقے میںکہرام مچ گیا جب کہ لوگوں کی بڑی تعداد نے دکھ زدہ کنبے کی ڈھارس بندھائی اور ان کے ساتھ تعزیت پرسی کی ۔ ادھر اس ضمن میں جب تحصیلدار دیوسر عبد الرشید سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ بکروال کنبہ کھلے آسمان تلے شدید ٹھنڈ میں زندگی بسر کر رہے تھے جس کے نتیجے میںیہ حادثہ پیش آیا ۔ انہوں نے کہا کہ بکروال کنبے کو پہلے ہی رہائشی کیلئے نزدیکی اسکول میں پناہ لینے کیلئے کہا گیا تھا تاہم انہوں نے پیشکش ٹھکرادی ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود بھی بکرال کنبے کو اشن اور کمبل فراہم کئے گئے تھے۔ (سی این آئی )

Comments are closed.