وادی میں شدید برفباری کے بعد پیدا شدہ صورتحال ؛ کشمیر یونیورسٹی میں06اور 07جنوری کے امتحانات ملتوی ، گیارہویں جماعت کا پرچہ بھی موخر

سرینگر/05جنوری: وادی کشمیر میں گزشتہ تین دنوں سے جاری بھاری برفباری کے بعد پیدا شدہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے کشمیر یونیورسٹی نے06اور 07جنوری کو لئے جانے والے امتحانات کو ملتوی کر دیا ہے ۔جبکہ بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے بھی منگل کو منعقد ہونے والے گیارہویں جماعت کے امتحانی پرچے کو موخر کر دیا ۔ سی این آئی کو کشمیر یونیورسٹی ترجمان سے موصولہ بیان کے مطابق بھاری برفباری کے پیش نظر وادی کشمیر میں پیدا شدہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے یونیورسٹی کی جانب سے 06اور 07جنوری کو لئے جانے والے تمام امتحانات کو فی الحال ملتوی کر دیا جاتا ہے ۔ کشمیر یونیورسٹی کے کنٹرولر امتحانات پروفیسر ارشاد اے ناوچو کے مطابق یہ فیصلہ موسم کی مسلسل خرابی کے پیش نظر لیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی ڈی ایس فائنل اور یو جی چھٹے سمسٹر کیلئے جو امتحانات جمعرات کو لئے جانے والے تھے اْنہیں بھی ملتوی کیا جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملتوی شدہ امتحانات کے انعقاد کیلئے نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ ادھر جموں کشمیر بورڈ آف سکول ایجو کیشن نے منگل کو اعلان کیا کہ 6جنوری یعنی بدھ کو گیارہویں جماعت کا امتحان موسم کی مسلسل خرابی کے باعث ملتوی کیا گیا ہے۔جوئنٹ سیکریٹری بورڈ، کشمیر ڈویڑن کے مطابق 6جنوری کو جو گیارہویں جماعت کا امتحان لیا جانے والا تھا اْسے ملتوی کیا گیا ہے۔مذکورہ پرچے کے امتحان کیلئے نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

Comments are closed.