کسان تحریک: چھبیس جنوری کو ٹریکٹر ریلی کی تیاری، ہریانہ میں خواتین نے تھاما اسٹیرنگ

چھبیس جنوری کو ٹریکٹر ریلی کی تیاری، ہریانہ میں خواتین نے تھاما اسٹیرنگ

زرعی قوانین کے خلاف کسانوں اور حکومت کے مابین متعدد ادوار کی بات چیت کے بعد بھی کوئی حل نہ نکل پانے کی وجہ سے کسانوں نے اب تحریک میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کسانوں نے 26 جنوری یعنی یومِ جمہوریہ کو دہلی اور ملک کے دیگر علاقوں میں ٹریکٹر ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ ٹریکٹر ریلی کے لئے ہریانہ کے جیند میں خواتین کو ٹریکٹر چلانے کی ٹریننگ دی جا رہی ہے۔

5 Jan 2021, 12:33 PM

دوپہر 2 بجے کسان موچہ کی اہم میٹنگ، ٹریکٹر مارچ پر تبادلہ خیال متوقع

زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی تحریک آج 39 ویں روز میں داخل ہو گئی اور دہلی کی سرحدوں پر ہزاروں کی تعداد میں کسان لگاتار سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔ حکومت کے رویہ سے سخت نالاں کسان آج میٹنگ کرنے جا رہے ہیں۔ آج دوپہر دو بجے کسان مورچہ کی اس مجوزی میٹنگ کے دوران ٹریکٹر مارچ نکالنے کے منصوبہ کو حتمی شکل دیئے جانے کی امید ہے۔ خیال رہے کہ کسان بدھ کے روز سے ٹریکٹر مارچ نکالنے والے ہیں اور 26 جنوری کو دہلی میں ٹریکٹر پریڈ نکالنے کا بھی اعلان کیا جا چکا ہے۔

5 Jan 2021, 11:02 AM

کسان اور حکومت اپنے رُخ پر برقرار

کسانوں اور حکومت اپنے اپنے موقف پر قائم ہیں۔ کسان تنظیموں کا روز اول سے مطالبہ ہے کہ تینوں زرعی قوانین واپس لئے جائیں جبکہ حکومت اس پر راضی نہیں ہے۔ حکومت کو کہنا ہے کہ وہ ملک بھر کے کسانوں کے مفادات کو ملحوظ نظر رکھ کر فیصلہ کرے گی۔ دوسری جانب کسانوں کا مطالبہ ہے کہ ایم ایس پی پر یقین دہانی سے کام نہیں چلے گا بلکہ حکومت کو اس پر قانون سازی کرنا ہوگی۔

5 Jan 2021, 11:00 AM

آٹھویں دور کی بات چیت بھی بے نتیجہ

گزشتہ روز دہلی کے وگیان بھون میں کسانوں اور حکومت کے مابین آٹھویں دور کی بات چیت ہوئی لیکن اس کے بعد بھی کوئی نتیجہ اخذ نہیں ہو سکا اور اب آگے کی بات چیت 8 جنوری کو ہونے کا اعلان کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز بات چیت کی میز پر مرکزی حکومت اور کسان لیڈران تقریباً 4 گھنٹے روبرو رہے لیکن کوئی حل نہیں نکلا۔

5 Jan 2021, 10:03 AM

جائے احتجاج پر بارشوں کا سلسلہ لگاتار جاری

حکومت کے رویہ کو لے کر پہلے ہی پریشان تھے اب ہریانہ میں سونی پت کے کنڈلی باڈر پر تحریک چلانے والے کسانوں کے لئے سخت سردی کے بعد اب بارش کی بوندیں بھی آفت بن کر برس رہی ہیں لیکن یہ ستم بھی کسانوں کے حوصلے پست نہیں کر پائے ہیں۔ دہلی ہریانہ سرحد سنگھو بارڈر پر منگل کے روز بھی بارشوں کا سلسلہ لگاتار جاری ہے۔

Comments are closed.