ضروری مرمت کے پیش نظر بند پڑی سرینگر جموںشاہراہ ٹریفک کیلئے دوبارہ بحال : مسافروں کیلئے محکمہ ٹریفک کی ایڈوائزری جاری ، مغل روڑ مسلسل ایک ماہ سے بند

سرینگر/02جنوری:سرینگر جموں شاہراہ پر ضروری مرمت کے پیش نظر جمعہ کو ٹریفک کی نقل و حمل معطل رہنے کے بعد سنیچروار کی صبح گاڑیوں کی آمد رفت دوبارہ بحال کر دی گئی تاہم مغل روڑ پر ٹریفک کی آمد رفت ہنوز بند پڑی ہوئی ۔ سی این آئی کو نمائندے نے قاضی گنڈ سے اس ضمن میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ جمعہ کے روز سرینگر جموں شاہراہ پر ضروری مرمت کے پیش نظر ٹریفک کی نقل و حمل بند رہی تاہم سنیچروار کی صبح شاہرا ہ پر ٹریفک کو دوبارہ بحال کر دیا گیا اور یک طرفہ ٹریفک کی نقل و حمل کے مطابق گاڑیوں کو سرینگر سے جموں کی جانب جانے کی اجازت دی گئی ۔ ادھر محکمہ ٹریفک کے مطابق آج یعنی اتوار کو موسمی صورتحال ساز گار رہنے کی صورت میں گاڑیوں کو جموں سے سرینگر کی طرف آنے کی اجازت ہو گی ۔ محکمہ ٹریفک کے مطابق کووڈ 19کے رہنمائے خطوط پر مکمل عملد ر آمد کے علاوہ مسافروںکے جان و مال کی حفاظت اور سڑک کی حالت کو دیکھ کر مخالف سمت سے کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں ہو گی ۔ خیال رہے کہ اس سے قبل جموں و کشمیر ٹریفک پولیس نے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محکمہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں بہتر موسم رہنے کی صورت میں ہلکی گاڑیوں (ایل ایم وی) کو سرینگر سے جموں جانے کی اجازت ہو گی۔ تاہم ٹریفک کی روانگی سے قبل ٹریفک کنٹرول یونٹ سرینگر کو اپنے رام بن ہم منصب سے رابطہ کرنا لازمی ہوگا تاکہ دقتیں پیدا نہ ہوں۔ہلکی گاڑیوں کو قاضی گنڈ، صبح آٹھ بجے سے لے کر دن کے ایک بجے تک پار کرنا ہوگا، اس کے بعد کسی گاڑی کو جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔بڑی گاڑیاں، جن میں ٹینکر وغیرہ شامل ہیں، کو جموں جانے کی اجازت ہوگی، تاہم موسمی صوتحال کو مدنظر رکھ کر اس میں بدلاؤ کیا جاسکتا ہے۔فوج سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بھی ایڈوائزری پر عمل کریں اور مخالف سمت سے گاڑیوں کو نہ چلائیں۔ ان کو سرینگر سے جموں جانے کی اجازت دی گئی ہے۔محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ مغل روڈ پر بھاری برفباری کی وجہ سے ٹریفک معطل ہے۔عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ سفر کا ارادہ کرنے سے قبل ٹریفک پولیس سے رابطہ ضرور کریں ۔ ادھربرفباری کے بعد تاریخی مغل روڑ پر گزشتہ ایک ماہ سے زائد عرصے سے ٹریفک کی نقل و حمل بند رہی۔ محکمہ ٹریفک کے مطابق شاہراہ کو صاف کرنے کیلئے کارروائی جاری ہے اور جلد ہی مغل شاہراہ کو بھی ٹریفک کی آمد رفت کیلئے بحال کر دیا جائے گا ۔

Comments are closed.