یہ پہلا امتحان تھا، آگے اس سے بڑے چیلنج آنے والے ہیں/فاروق عبداللہ
’عوام نے آپ پر اپنا اعتماد ظاہر کیا، اب وعدوں کا ایفاء کرنا آپ کی اخلاقی ذمہ داری‘
سرینگر/29دسمبر: ’’عوام نے اپنے قیمتی ووٹ سے آپ کو کامیاب بنا کر اپنا اعتماد ظاہر کیا اور اب آپ کو اپنا وعدہ پورا کرنا ہے۔عوام کی خدمت کرنا، لوگوں کے مشکلات دور کرنا اور اُن کے ساتھ تال میل رکھنا آپ کا اخلاقی اور اولین فرض ہے۔ان باتوں کا اظہار ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے نیشنل کانفرنس ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس پر آج حالیہ ڈی ڈی سی انتخابات میں پارٹی سے وابستہ کامیاب اُمیدواروں کیلئے ایک مبارک بادی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سی این آئی کے مطابق تقریب میں پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، نائب صدر عمر عبداللہ ، جنرل سکریٹری علی محمد ساگر اور صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے کامیاب ڈی ڈی سی ممبران کا خیر مقدم کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے۔ تقریب میں موجودہ ڈی ڈی سی ممبران اور پارٹی لیڈران سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ’’عوام نے اپنے قیمتی ووٹ سے آپ کو کامیاب بنا کر اپنا اعتماد ظاہر کیا اور اب آپ کو اپنا وعدہ پورا کرنا ہے۔عوام کی خدمت کرنا، لوگوں کے مشکلات دور کرنا اور اُن کے ساتھ تال میل رکھنا آپ کا اخلاقی اور اولین فرض ہے۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ان انتخابات کے دوران آپ کو کن مصائب و مشکلات، کٹھن آزمائشوں اور خوف و دہشت کے ماحول سے گزرنا پڑا لیکن عوام نے آپ کو بھر پور تعاون دیا اور اپنی قیمتی ووٹ دیکر آپ کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ مجھے اُمید ہے کہ آپ لوگوں کے توقعات پر کھرے اُتریں گے اور خود کو عوام کیلئے وقف کرنے میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا اور آپ کا پہلا امتحان تھا، آگے اس سے بڑے چیلنج آنے والے ہیں۔ تکلیفیں آئیں گی اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا لیکن ہمیں ہر حال میں جموں وکشمیر کے عوام کے احساسات، جذبات ، امنگوں اور آرزوئوں کی آبیاری کرنی ہے کیونکہ لوگوں سے ہی ہم اور ہماری جماعت مضبوط ہے۔ عوامی اشتراک اور تعاون کے بغیر نہ جماعت کا کوئی وجود ہی نہیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ڈی ڈی سی انتخابات میں نیشنل کانفرنس کی جیت سے ثابت ہوا ہے کہ نیشنل کانفرنس کی جڑیں آج بھی سبھی خطوں میں مضبوط ہے اور اس جماعت کو ہر حال میں عوام کا ساتھ حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عوام کے اس اعتماد کو بنائے رکھنے کیلئے خود کو عوام کیلئے وقف رکھنا چاہئے اور پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کرنا چاہئے۔ تقریب سے پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر اور صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے بھی خطاب کیا اور نومنتخب ڈی ڈی ممبران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اُن پر زور دیا کہ وہ لوگوں کی خدمت میں خود کو پیش پیش رکھیں۔ اس موقعے پر سینئر پارٹی لیڈران چودھری محمد رمضان، محمد اکبر لون، جسٹس (ر) حسنین مسعودی، علی محمد ڈار، شمیمہ فردوس، نذیر احمد خان گریزی، قیصر جمشید لون، غلام محی الدین میر، شیخ اشفاق جبار، جاوید احمد ڈار، میر غلام رسول ناز، ایڈوکیٹ شوکت احمد میر،سلمان علی ساگر، عمران نبی ڈار، ڈاکٹر سجاد اوڑی،ایڈوکیٹ نذیر ملک، احسان پردیسی، صبیہ قادری، مدثر شہمیری کے علاوہ کئی عہدیداران موجود تھے۔
Comments are closed.