پی ڈی پی لیڈر محبوبہ مفتی کو گھر میں نظر بند کر کے سیاسی سرگرمیوں سے باز رکھنے کا عمل / سوزؔ
انتہائی غیر جمہوری اور غیر ذمہ دارانہ کاروائی،۔اسکی مکمل مذمت کرتا ہوں
سرینگر/09دسمبر/سی این آئی// سابق مرکزی وزیر پروفیسر سیف الدین سوزؔ نے پی ڈی پی لیڈر محبوبہ مفتی کو گھر میں نظر بند کر کے سیاسی سرگرمیوں سے باز رکھنے کے عمل کو انتہائی غیر جمہوری اور غیر ذمہ دارانہ کاروائی مان کر اس کاروائی کی مذمت کی ہے ۔سی این آئی کے نام جاری اپنے ایک بیان میں سابق مرکزی وزیر پروفیسر سیف الدین سوزؔ نے کہا کہ ’’تعجب انگیز بات ہے کہ ایک طرف بی جے پی لیڈر شہنواز حسین، مسرتی ایرانی اور جتندر سنگھ کو کشمیر میں لاحاصل اُچھل کود کیلئے کھلی چھوٹ ہے تو دوسری طرف پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کو سیاسی سرگرمیوں سے باز رکھتے ہوئے اُس کو گھر میں قید رکھا گیا ہے۔بی جے پی کی مرکزی لیڈرشپ اس لحاظ سے کشمیر میں ایک سیاسی یلغار کے طور اپنی بوکھلاہٹ کا اظہار کر رہی ہے۔مجھے اطمینان ہے کہ کشمیر کے لوگ کشمیر میں بی جے پی کے عزائم کو کراری شکست سے دو چار کریںگے۔مقامی طور جو چند مہرے بی جے پی کو ملے ہیں، اُن کی حقیقت کھوٹے سکوں کے علاوہ اور کچھ نہیں ہے۔ کشمیر میں بسا اوقات ایسا ہوا ہے کہ اُن پر نظریات کی یلغار کی گئی ہے جو کشمیریوں نے مشترکہ طور رد کی ہے۔ آج بھی کشمیر ایسے ہی سیاسی دوراہرے پر کھڑا ہے اور مجھے اُمید ہے کہ وہ اپنی اجتماعی ذمہ داری نبھائیںگے اور کشمیر کے دشمنوں کو شکست دیںگے۔‘‘
Comments are closed.